ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے فروری اور مارچ میں انعقاد کا امکان

مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 ممکنہ طور پر 7 فروری سے 8 مارچ تک منعقد ہوگا۔تفصیلات کے مطابق میگا ایونٹ مشترکہ طور پر بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکا نے اس سے قبل 2012 اور بھارت نے 2016 میں میگا ایونٹ کی میزبانی کے فرائض انجام دیے تھے۔آئندہ برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ مقابلے بھارت کے پانچ اور سری لنکا کے دو وینیوز پر ہوں گے۔فائنل بھارتی شہر احمدآباد میں کھیلا جائے گا تاہم پاکستان کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں فائنل میچ کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے شیڈول فائنل کر لیا ہے اور شریک ممالک کو اس بابت آگاہی دے دی گئی ہے۔ایونٹ میں اب تک 15 ممالک کی شرکت یقینی ہو چکی ہے جس میں میزبان سری لنکا اور بھارت کے ساتھ پاکستان، افٖغانستان، آسٹریلیا، بنگلا دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقا، امریکا، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، آئرلینڈ، کینیڈا، نیدرلینڈزاور اٹلی شامل ہیں۔دیگر پانچ ٹیموں میں سے تین کا ایشیا اور دو کا تعین ایسٹ ایشیا پیسیفک کوالیفائر سے ہوگا۔