بین الاقوامی
بنگلادیش کے عبوری سربراہ نے آئندہ سال فروری میں عام انتخابات کا اعلان کردیا

ڈھاکا: بنگلا دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے شیخ حسینہ کی آمرانہ حکومت کے خاتمے کو ایک سال مکمل ہونے پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ملک میں عام انتخابات فروری 2026 میں منعقد کیے جائیں گے۔دارالحکومت ڈھاکا میں ہزاروں شہریوں نے ان عوامی مظاہروں کی پہلی سالگرہ منائی جنہوں نے شیخ حسینہ کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا، اس موقع پر ریلیاں، دعائیہ تقریبات اور کنسرٹس کا انعقاد کیا گیا۔اس حوالے سے مرکزی تقریب پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر منعقد ہوئی جس میں محمد یونس کی جانب سے ’جولائی اعلامیے‘ کا اعلان کیا گیا، اس اعلان میں 2024 کے طلبہ اور عوامی انقلاب کو آئینی حیثیت دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس انقلاب نے اس وقت کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کو سخت عوامی دباؤ کے بعد 5 اگست 2024 کو بھارت فرار ہونے پر مجبور کر دیا تھا۔