بین اسٹوکس نے جڈیجا سے ہاتھ نہ ملانے کے تنازع پر خاموشی توڑ دی

انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے بھارت کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر پیش آئے ہینڈ شیک تنازع پر بالآخر وضاحت دے دی۔یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب میچ کے آخری دن بھارتی بیٹرز رویندر جڈیجا اور واشنگٹن سندر اپنی سنچریوں کے قریب تھے اور اسٹوکس نے کھیل کو ڈرا کرنے کی پیشکش کی جسے بھارتی کھلاڑیوں نے مسترد کرتے ہوئے بیٹنگ جاری رکھی۔بعد ازاں ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دیکھا گیا کہ میچ کے بعد اسٹوکس نے تمام بھارتی کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا لیکن جڈیجا کے قریب آتے ہی منہ موڑ لیا۔ویڈیو میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چند جملوں کا تبادلہ بھی دکھایا گیا جس پر سوشل میڈیا پر اسٹوکس پر غصے کا اظہار کیا گیا۔پریس کانفرنس میں بین اسٹوکس نے وضاحت دی کہ جڈیجا اور سندر نے شاندار اننگز کھیلی اور چونکہ نتیجہ ممکن نہیں رہا تھا، اس لیے انہوں نے اپنے مرکزی بولرز کی فٹنس بچانے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سنچری ہو یا نہ ہو، اصل کامیابی ٹیم کو مشکل سے نکالنا ہے۔