شوبز

شاہ رخ خان فلم ’’کنگ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی، علاج کےلیے امریکا منتقل

بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان اپنی آنے والی فلم ’’کنگ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے جس کے بعد انھیں علاج کے لیے امریکا منتقل کردیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ ممبئی میں شوٹنگ کے دوران پیش آیا جب ایک ایکشن سین کے دوران شاہ رخ خان کی کمر پر چوٹ آئی۔ اگرچہ چوٹ کی نوعیت سنگین نہیں بتائی گئی، تاہم ڈاکٹروں نے شاہ رخ خان کو مکمل صحتیابی کے لیے کم از کم ایک ماہ آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ذرائع کے مطابق شوٹنگ کے دوران ہونے والا یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب فلم کا ایک ہائی اوکٹین ایکشن سین فلمایا جا رہا تھا، جس میں شاہ رخ خان نے خود اسٹنٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اداکار کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان پہلے بھی متعدد بار شوٹنگ کے دوران زخمی ہوچکے ہیں لیکن انہوں نے ہمیشہ جلد صحتیابی کے بعد کام پر واپسی کی ہے۔2017 میں ’زیرو‘ فلم کی شوٹنگ کے دوران بھی ان کے گردن میں چوٹ آئی تھی جس کے بعد انہیں امریکا میں علاج کروانا پڑا تھا۔حالیہ حادثے کے بعد فلم کی پروڈکشن ٹیم نے شاہ رخ خان کے صحتیاب ہونے تک شوٹنگ کو معطل کردیا ہے۔ فلم انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق اس تاخیر سے فلم کے بجٹ پر اضافی بوجھ پڑ سکتا ہے، لیکن پروڈیوسرز اداکار کی صحت کو ترجیح دے رہے ہیں۔خیال رہے کہ فلم ’’کنگ‘‘ کی شوٹنگ گزشتہ برس سے جاری ہے اور فلم کے پروڈیوسرز کی کوشش ہے کہ اسے 2026 کے اوائل میں ریلیز کیا جائے۔ یہ فلم ابتدا میں کہانی نویس سوجوئے گھوش کی ہدایتکاری میں بننا تھی تاہم بعد ازاں ’’پٹھان‘‘ کے کامیاب ڈائریکٹر سدھارتھ آنند نے اس کی ہدایتکاری کی ذمے داری سنبھال لی۔ فلم ’’کنگ‘‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان بھی اپنی اداکاری کا جادو جگانے جا رہی ہیں، جو اس فلم سے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز کریں گی۔ فلم میں ابھیشیک بچن بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ خبریں ہیں کہ فلم میں شاہ رخ خان اور سہانا خان کا باپ بیٹی کا رشتہ بھی دکھایا جائے گا، جو فلم کی کہانی میں جذباتی گہرائی پیدا کرے گا۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button