فقیروں کی طرح پیسے مانگنے پڑتے ہیں، سینئر اداکار محمد احمد نے پروڈکشن ہاؤسز کی پول کھول دی

پاکستان شوبز کے سینئر اداکار سید محمد احمد نے شوبز انڈسٹری میں معاوضوں کی تاخیر سے ادائیگیوں کا انکشاف کردیا۔ اداکار محمد احمد نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے پروڈکشن ہاؤسز کے معاوضوں سے متعلق پول کھول دیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پروڈکشن ہاؤس ہر پراجیکٹ میں کوشش کرتے ہیں کہ اداکار ان سے فقیر کی طرح پیسے مانگے۔سینئر اداکار کا کہنا تھا کہ پہلے معاوضوں پر بات کرنا معیوب سمجھا جاتا ہے اب بھی سمجھا جاتا ہے تاہم اب فنکار اس کیخلاف آواز اُٹھانے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروکشن ہاؤسز فنکاروں سے 9 کے بجائے رات 1 بجے تک کام کرواتے ہیں اور فنکاروں کو نہ چاہتے ہوئے بھی کام کرنا پڑتا ہے مگر جب بات معاوضوں کی ادائیگی کی آتی ہے تو 5 سے 6 ماہ کی تاخیر عام بات ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی مہینوں تک معاوضوں کی ادائیگی میں تاخیر کے بعد بھی اداکاروں کو اپنے حالات بتا کر فقیروں کی طرح ان سے پیسے مانگنے پڑتے ہیں جب جا کر چیک ملتا ہے اور وہ بھی احسان سمجھ کر تھمایا جاتا ہے۔ سید محمد احمد کا کہنا تھا کہ ہماری انڈسٹری میں اب معاوضوں سے متعلق مسائل سنگین صورتحال اختیار کر گئے ہیں اور اب وقت کی سب سے بڑی ضرورت پیسہ ہے جس کیلئے آواز اُٹھانا ضروری ہوگیا ہے۔