لاہور: چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے دورہ آسٹریلیا کے لیے شان مسعود کی قیادت میں پاکستان کی اٹھارہ رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم 14 دسمبر سے 7 جنوری کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ پہلا ٹیسٹ 14 سے18 دسمبر کو پرتھ ، دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر کو میلبرن جبکہ تیسرا ٹیسٹ 3 سے7 جنوری کو سڈنی میں ہوگا۔بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے 34 سالہ شان مسعود پہلی بار پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ انہیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ25-2023 کے لیے بابراعظم کی جگہ قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جو گزشتہ ہفتے ٹیسٹ کپتانی سے دستبردار ہوگئے تھے۔بائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹر صائم ایوب اور فاسٹ بولر خرم شہزاد پہلی مرتبہ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔22 سالہ صائم ایوب نےاس سیزن کی قائداعظم ٹرافی کے چار میچوں میں تین سنچریوں کی مدد سے553 رنز بنائے جس میں فیصل آباد کے خلاف فائنل میں میچ وننگ ڈبل سنچری قابل ذکر تھی۔
