سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے گزشتہ رات سے جاری سرچ آپریشن میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 8 ہوگئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کے ضلع کُلگام میں رات گئے سرچ آپریشن شروع کیا جو تاحال جاری ہے۔ گھر گھر تلاشی لی اور شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔اس دوران قابض بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 کشمیری نوجوان موقع پر ہی شہید ہوگئے جب کہ چند گھنٹوں میں مزید دواور پھر 3 نوجوانوں کی شہادتیں ہوئیں۔جارحیت پسند بھارتی فوج کے ضلع کلگام میں جاری آپریشن میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 8 ہوگئی ان میں سے 5 کی شناخت سمیر احمد شیخ، دانش احمد، ہنزاللہ یعقوب، عبید احمد اور یاسر بٹ کے نام سے ہوئی۔
