اسلام آباد: اتحادی جماعتوں کے نامزد امیدوار شہباز شریف دوسری بار اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوگئے، قائد ایوان کی نشست بھی سنبھال لی۔قومی اسمبلی کے ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہونے والے اجلاس کی صدارت سپیکر سردار ایاز صادق کر رہے ہیں، اجلاس کے دوران اراکین قومی اسمبلی نے ووٹنگ کے ذریعے نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا۔جے یو آئی کے اراکین وزیراعظم کے انتخاب کی کارروائی کا حصہ نہ بنے اور قومی اسمبلی ہال کے دروازے بند ہونے سے قبل جے یو آئی کے اراکین ہال سے باہر چلے گئے جبکہ سردار اختر مینگل ایوان میں بیٹھے رہے اور انہوں نے کسی کو بھی ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔سیکرٹری قومی اسمبلی نے ووٹوں کا ریکارڈ سپیکر کو پیش کر دیا۔بعدازاں سپیکر قومی اسمبلی نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ میاں شہباز شریف 201 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوئے جبکہ مدمقابل عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کئے ہیں۔سپیکر ایاز صادق نے جیسے ہی قائد ایوان کیلئے ہونے والی ووٹنگ کے نتائج کا اعلان کیا تو ایوان ’شیر شیر‘ کے نعروں سے گونج اٹھا، مسلم لیگ (ن) کے اراکین نے گھڑی چور کے نعرے لگائے جبکہ سنی اتحاد کونسل کی طرف سے ووٹ چور کے جوابی نعرے بلند کئے گئے۔
0