ریاض : سعودی فٹبال فیڈریشن کے تحت کام کرنے والی ضابطہ اخلاق کمیٹی نے نامناسب اشاروں پر سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو پر 10 ہزار ریال جرمانہ اور ایک میچ نہ کھیلنے کی پابندی عائد کی ہے۔سعودی میڈیا رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے کہا ہے کہ الشباب کلب کی شکایت پر تفتیش کی گئی تو معلوم ہوا کہ رونالڈو نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔ النصر اور الشباب کے میچ کے دوران غیر اخلاقی حرکت رونالڈو سے منسوب کی گئی جسے ٹی وی چینلز کے کیمروں نے نہیں دیکھی تاہم الشباب کے سپورٹروں میں سے کسی نے اپنے موبائل سے اس کی ویڈیو بنائی تھی، موبائل سے لی گئی ویڈیوکی بنیاد پر الشباب کلب نے رونالڈو کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔ضابطہ اخلاق کمیٹی نے رونالڈو سے وضاحت کی جس پر سٹار فٹبالر نے کہا ہے کہ یہ حرکت غیر اخلاقی نہیں بلکہ خوشی اور فتح کی علامت ہے اور ہم یورپ میں اسے کرنے کے عادی ہیں۔سعودی ضابطہ اخلاق کمیٹی نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رونالڈو سے منسوب غیر اخلاقی حرکت واقعی سرزد ہوئی ہے۔کمیٹی نے رونالڈو کو ایک میچ نہ کھیلنے کی پابندی اور 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا ہے،کمیٹی نے النصر کلب پر 20 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا ہے جو الشباب کلب کو ہرجانے کے طور پر دیا جائے گا۔
0