
امریکی خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ یورینیم کی افزودگی کی تنصیبات کو ختم کردیا جائے۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی جانب سے یورینیم کی افزودگی ہمارے لیے ریڈ لائن ہے۔گزشتہ روز اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران سینٹری فیوجز نہیں رکھ سکتا، انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس ایٹمی معاملہ پر امریکی شرائط قبول کرنے کے سوا دوسرا آپشن نہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر اتوار کو ہونے والے مذاکرات کا اگلا دور نتیجہ خیز ثابت نہ ہوا تو ہم ایران کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری نہیں رکھ سکیں گے۔واضح رہے کہ امریکہ اور ایران اتوار کے روز ایٹمی معاملے پر دوبارہ مذاکرات کرنے جارہے ہیں۔ دونوں فریقین کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ چوتھا دور عمان کے دارالحکومت مسقط میں منعقد ہوگا جو امریکی صدر کے خطے کے دورے سے چند روز قبل ہوگا۔رپورٹس کے مطابق امریکی خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف مذاکرات کے چوتھے دور کے انعقاد کے لیے سلطنت عمان جائیں گے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے زور دے کر کہا کہ تہران نے مسقط میں اتوار 12 مئی کو ہونے والے اگلے دور کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے۔