نئے پوپ کا انتخاب 7 مئی کو شروع ہوگا،طریقہ کار کیا ہے؟

کیتھولک مسیحیوں کے نئے روحانی پیشوا کیلئے کانکلیو 7 مئی کو شروع ہوگا۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے کارڈینل کوٹس بھی اس کانکلیو میں شرکت کیلئے روم پہنچ گئے ہیں۔کانکلیو کے آغاز تک ان کی میزبانی پاکستان میں طویل عرصہ تک خدمات انجام دینے والے فادر رابرٹ مککولک کریں گے۔پوپ کے انتخاب کیلئے جو لفظ کانکلیو استعمال کیا جاتا ہے اس کا لفظی مطلب تو چابی کے ساتھ تالہ لگانا ہوتا ہے تاہم درحقیقت کانکلیو وہ موقع ہوتا ہے جب کارڈینلز ویٹی کن کی ایک تالا لگی عمارت میں مقیم ہو کر پوپ کا انتخاب کرتے ہیں۔اس عمارت میں رہائش کے کمرے اور کھانے کی جگہ ہوتی ہے تاہم تالہ لگنے کے سبب کسی اور شخص کو آنے جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔الیکٹرانک بلاک کیے جانے کی وجہ سے کارڈینلز کی باتیں باہر سنی بھی نہیں جاسکتیں۔عام طور پر کانکلیو 2 سے 4 روز تک جاری رہنے کا امکان ہوتا ہے تاہم روایت کے تحت یہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ کارڈینلز 266ویں پوپ کا انتخاب نہ کرلیں۔جہاں تک کانکلیو کا تعلق ہے، یہ دو کتابوں کے طابع ہوتا ہے، ایک اصولوں یا آئین کی کتاب اور دوسری دعائیہ کتاب۔ آئین کی کتاب سینٹ جان پال دوم نے 1996 میں جاری کی تھی جس میں پوپ بینیڈکٹ نے سن2007 اور پھر سن 2013 میں ترمیم کی تھی۔دعائیہ کتاب کی منظوری سینٹ پال دوم نے 1998میں دی تھی تاہم یہ سن 2005 میں ان کے انتقال کے بعد جاری کی گئی تھی۔تاحال یہ واضح نہیں کہ پوپ فرانسس نے اپنے انتقال سے پہلے اس دعائیہ کتاب میں کوئی تبدیلی کی تھی یا نہیں۔کانکلیو کی رسومات کا آغاز 7 مئی کو مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے سینیٹ پیٹرز بیسلیکا میں اجتماعی دعا سے ہوگا جس میں عوام بھی شریک ہوں گے۔اصولوں پر مبنی کتاب میں موجود طریقہ کار کے تحت اس اجتماعی دعا کے بعد کارڈینلز سہ پہر کو پالین چیپل میں جمع ہوتے ہیں اور پھر سسٹین چیپل کی جانب بڑھتے ہیں۔ان کارڈینلز کو حلف لینا ہوتا ہے کہ وہ پوری دیانت اور احتیاط کے ساتھ ان اصولوں پر چلیں گے جو پوپ کے انتخاب کیلئے طے کردہ ہیں اور یہ بھی کہ الیکشن سے متعلق تمام امور کو خفیہ رکھا جائے گا۔