پہلگام واقعہ؛ اظہر الدین بھی ہندو انتہا پسندوں کی زبان بولنے لگے

پہلگام واقعہ پر سابق بھارتی کپتان محمد اظہرالدین بھی ہندو انتہا پسندوں کی زبان بولنے لگے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی کپتان محمد اظہرالدین کا کہنا ہے کہ کرکٹ سے رخم نہیں بھرسکتے، اس لیے پاکستان کے ساتھ کرکٹ نہیں ہونی چاہیئے۔سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی کی طرح محمد اظہر الدین نے بھی پاکستان سے تمام کرکٹ روابط ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھیل لوگوں کو جوڑتا ہے لیکن حالیہ واقعات کے تناظر میں نہیں کھیلا جاسکتا۔سابق بھارتی کرکٹر اظہر الدین نے کہا کہ بھارت کو پاکستان سے نہ صرف باہمی سیریز سے انکار کو برقرار رکھنا چاہیے بلکہ آئی سی سی اور اے سی سی ایونٹس میں کھیلنے سے انکار کردینا چاہیے۔قبل ازیں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سابق صدر سارو گنگولی نے پہلگام واقعہ پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ہندوستان کو پاکستان کے ساتھ تمام کرکٹ تعلقات ختم کر دینے چاہئیں۔واضح رہے کہ پہلگام واقعہ کے محض چند گھنٹوں بعد ہی ہندو انتہاپسند نریندر مودی کی حکومت نے الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ توڑ دیا تھا، جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان حالات کشیدہ ہیں۔