Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

پنجاب کے معدنی خزانوں سے معیشت بدلنے کا وقت آگیا، سرمایہ کاروں کو بلاسود قرضے اور 15 سالہ لیز دیں گے مریم نواز

اسلام اباد ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں شرکت کی اور خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے قدرتی معدنی وسائل کو مشترکہ دولت اور مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان خود سونے کا خزانہ ہے، یہاں کے عوام میں بے پناہ صلاحیتیں جبکہ زمین کے اوپر اور نیچے غیرمعمولی قدرتی وسائل موجود ہیں مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے دریاؤں میں سونا ہی نہیں بلکہ ان کے ساتھ بہہ کر آنے والی ریت میں نایاب زمینی عناصر، قیمتی معدنیات اور مختلف دھاتیں بھی موجود ہیں۔ میانوالی اور اٹک کے دریائی علاقوں میں سونے کی مقدار جانچنے کے لیے سروے اور سائنسی مطالعات جاری ہیں دریاؤں میں بہنے والی اس قدرتی دولت سے بھرپور معاشی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کی سرزمین میں معدنی دولت کی کبھی کمی نہیں رہی بلکہ اصل مسئلہ بدانتظامی اور نظام کی خامیاں تھیں وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالا تو محکمہ معدنیات کا سالانہ ریونیو تقریباً 10 ارب روپے تھا، جو ڈھائی سال میں بڑھ کر 40 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ نظام کو مزید بہتر بنایا جائے تو 40 ارب روپے بھی محض آغاز ثابت ہوں گے انہوں نے بتایا کہ پنجاب زمرد، سنگِ مرمر، گرینائٹ، سونا، گلابی نمک اور دیگر قدرتی وسائل سے مالامال ہے۔ چنیوٹ میں 26 کروڑ 15 لاکھ ٹن لوہے کے ذخائر موجود ہیں، جبکہ گلابی نمک کی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے اس کی برآمدات اور آمدن میں نمایاں اضافے کی گنجائش پیدا ہوئی ہے مریم نواز شریف نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پنجاب کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول، جدید سہولیات اور مکمل معاونت فراہم کرنا اپنا فرض سمجھتی ہے پنجاب میں سرخ فیتے اور غیرضروری رکاوٹوں کا خاتمہ کرکے ون ونڈو فسیلیٹیشن کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت سرمایہ کاروں کو مختلف دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑتےانہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے ابتدائی اخراجات کم کرنے کے لیے لینڈ لیز معاہدوں میں خصوصی رعایتیں دی جارہی ہیں، جبکہ پانچ ارب روپے تک کے بلاسود قرضوں کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے، جس کا سود حکومت پنجاب ادا کرے گی توانائی اور ایندھن کے اخراجات میں کمی کے لیے انڈسٹریل اسٹیٹس میں سولر بیسڈ سہولیات بھی مہیا کی جارہی ہیںوزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ وسیع رقبے پر منرل پراسیسنگ زون مختص کیا گیا ہے، جہاں سرمایہ کاروں کو انتہائی معمولی ماہانہ لیز پر 15 سال کے لیے صنعتی اراضی فراہم کی جائے گی۔ برآمدات پر مبنی صنعتوں کو مالی معاونت اور تین سے پانچ ارب روپے تک کے قرضوں پر پانچ فیصد تک مارک اپ کی سہولت بھی دی جارہی ہے انہوں نے مزید کہا کہ گلابی نمک کی ویلیو ایڈیشن کے لیے خصوصی مالی معاونت فراہم کی جارہی ہے اور 50 ملین روپے تک کے بلاسود قرضے پانچ سال میں آسان اقساط پر دیے جارہے ہیں۔ گلابی نمک سے تیار کردہ ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں منافع کی شرح 55 فیصد تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہےمریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں موٹرویز ایکسپریس ویز، ہائی ویز اور دیگر مواصلاتی نیٹ ورک موجود ہے جبکہ سرمایہ کاروں کے لیے بڈنگ، ورک آرڈر، لائسنسنگ، تجدید اور فیسوں سمیت بیشتر معاملات ڈیجیٹل اور آن لائن کردیے گئے ہیں۔ کان کنی کے شعبے میں شفافیت جدید ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی تحفظ کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے جبکہ ڈیجیٹل نگرانی کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جارہی ہے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ راک سالٹ، لوہے کی کانوں پلیسر گولڈ اور تعمیراتی سامان جیسی اہم معدنیات کے منصوبوں کی فزیبلٹی مکمل ہوچکی ہے طویل المدتی شراکت داری کے لیے پنجاب میں سرمایہ کاروں کی سلامتی سرمایہ کاری کے تحفظ اور بہتر منافع کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 65 فیصد نوجوان آبادی ایک قیمتی اثاثہ ہے۔ قدرتی وسائل کو جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے حقیقی معاشی خوشحالی میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا فورم میں پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں معدنیات کے نمونے بھی بطور تحفہ پیش کیے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button