کھیل

ٹی20میچز کے لیے پاور پلے کے قانون میں تبدیلی کر دی گئی

کراچی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مردوں کے ٹی20 انٹرنیشنل میچز کے لیے کھیل کے قوانین میں چند تبدیلیاں منظور کی ہیں، جن میں پاور پلے سے متعلق ایک اہم ترمیم بھی شامل ہے۔نئے قانون کے تحت، اگر کسی وجہ سے میچ کے اوورز کم ہو جائیں، تو اب پاور پلے کا دورانیہ قریبی مکمل اوور کے بجائے قریبی گیند یعنی Nearest Ball کی بنیاد پر طے کیا جائے گا۔اس سے پہلے پاور پلے کا تعین قریبی اوور پر کیا جاتا تھا، جو بعض اوقات غیر متوازن صورتحال پیدا کرتا تھا۔موجودہ قانون کے مطابق، 20 اوورز کی اننگز میں ابتدائی 6 اوورز پاور پلے پر مشتمل ہوتے ہیں، جہاں صرف دو فیلڈرز 30 یارڈ دائرے سے باہر کھڑے ہو سکتے ہیں۔جولائی 2025 سے نافذ العمل ہونے والے نئے اصول کے مطابق اگر کسی اننگز کو کم کر کے 8 اوورز کر دیا جائے، تو پاور پلے 13 گیندوں پر مشتمل ہوگا۔ اسی طرح اگر اننگز 9 اوورز کی ہو تو پاور پلے 14 گیندوں کا ہوگا۔یہ تبدیلی پاور پلے کا تناسب اصل 30 فیصد کے زیادہ قریب رکھتی ہے، اور کھیل کو مزید منصفانہ بنانے کی ایک کوشش ہے۔ قوانین میں تبدیلی کا فیصلہ کھیل کو مزید متوازن اور شفاف بنانے کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ مختصر میچز میں بھی فیلڈنگ پابندیاں مناسب طریقے سے لاگو ہو سکیں۔آئی سی سی نے رکن ممالک کو آگاہ کیا ہے کہ پاور پلے کو کسی اوور کے درمیان ختم کرنا کوئی نیا یا مشکل عمل نہیں، بلکہ یہ طریقہ کار انگلینڈ کے ٹی20 بلاسٹ ٹورنامنٹ میں کئی سالوں سے کامیابی کے ساتھ استعمال ہو رہا ہے۔آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’یہ طریقہ کار کھلاڑیوں یا امپائروں کے لیے کبھی بھی کوئی مشکل پیدا نہیں کرتا۔‘‘یہ تجویز اب آئی سی سی کی مردوں کی کرکٹ کمیٹی نے بھی منظور کر لی ہے اور اسے مستقبل میں پاور پلے کے تعین کے لیے ترجیحی طریقہ قرار دیا گیا ہے۔آئی سی سی نے وضاحت دیتے ہوئے مزید کہا کہ ’’مثال کے طور پر، اگر اننگز 8 اوورز کی ہو، تو امپائر تیسرے اوور کی دوسری گیند کے بعد پاور پلے ختم ہونے کا اشارہ دے گا، جس کے بعد تین اضافی فیلڈرز 30 یارڈ دائرے سے باہر جا سکتے ہیں۔‘‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button