Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
شوبز

فلم ’پیڈی‘ سے جھانوی کپور کے متنازع مناظر ہٹا دیے گئے، ہدایتکار کا اعتراف

بھارتی فلم ’پیڈی‘ سے متعلق جاری تنازع کے بعد فلم سازوں نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے اداکارہ جھانوی کپور کے بعض مناظر فلم سے حذف کر دیے ہیں۔فلم کے ہدایتکار بُچی بابو سانا نے تصدیق کی ہے کہ ناظرین اور خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے حلقوں کی جانب سے اعتراضات سامنے آنے کے بعد متنازع شاٹس کو ہٹا دیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہدایتکار کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں فلم میں جھانوی کپور کے کردار اچیّاما کو بہت سے لوگوں نے غلط انداز میں سمجھا۔ ان کے مطابق متعدد ناظرین نے اس کردار کی کہانی کو غیر ضروری قرار دیا، حالانکہ ان کا مقصد کردار کے ذریعے ایک خاص پس منظر اور سماجی ماحول کی عکاسی کرنا تھا۔فلم ریلیز ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر خاص طور پر جھانوی کپور کے تعارفی مناظر اور ایک رومانوی سین کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ناقدین کا مؤقف تھا کہ بعض مناظر میں اداکارہ کی پیشکش غیر مناسب انداز میں کی گئی، جس پر خواتین کے حقوق سے وابستہ تنظیموں اور صارفین نے بھی اعتراضات اٹھائے۔بڑھتے ہوئے ردِعمل کے بعد فلم کی ٹیم نے یقین دہانی کرائی تھی کہ خواتین کے حوالے سے نامناسب سمجھے جانے والے حصے نکال دیے جائیں گے۔ اب ہدایتکار نے خود اعتراف کیا ہے کہ کچھ شاٹس ناظرین تک وہ پیغام نہیں پہنچا سکے جو ان کا مقصد تھا، جس کے باعث غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔بُچی بابو سانا نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلم کے مرکزی کردار پیڈی کو ایک ایسے شخص کے طور پر دکھانا چاہتے تھے جو دور دراز علاقے اور مخصوص ماحول میں پروان چڑھا ہے، اسی لیے ابتدا میں اس کے رویے کی خامیاں نمایاں کی گئیں تاکہ بعد میں اس کردار کی مثبت تبدیلی دکھائی جا سکے۔ تاہم ان کے بقول اس عمل میں کچھ مناظر گمراہ کن ثابت ہوئے، جنہیں اب فلم سے نکال دیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button