’ہلک‘ کی کزن’ شی ہلک‘ اسکرین پر آنے کو تیار

412

سائنس فکشن سپر ہیرو کردار ’ہلک‘ ویسے تو کئی سال سے فلمی شائقین کو محظوظ کرتے آ رہے ہیں، تاہم جلد ہی ان کی کزن ’ شی ہُلک‘ بھی اسکرین پر لوگوں کے دل بہلانے آ رہی ہیں۔

جی ہاں، جلد ہی مارول اسٹوڈیو کی جانب سے بنائی جانے والی ٹی وی سیریز ’ شی ہلک‘ ریلیز کی جائے گی اور سپر وومن ہیرو کا انتخاب بھی کرلیا گیا۔

34 سالہ کینیڈین اداکارہ تاتیانا مسلانے جلد ہی ’ شی ہلک‘ ٹی وی سیریز میں مرکزی کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

’ شی ہلک‘ کے کردار کو اگرچہ پہلے ہی کومک کتابوں میں پیش کیا جاچکا ہے، تاہم اب پہلی بار اس کردار پر ٹی وی سیریز بنائی جائے گی۔

’ شی ہلک‘ کا کردار ’ہلک‘ کا کردار متعارف کرانے والے لکھاری اسٹان لی نے متعارف کرایا تھا، اس کردار کو ابتدائی طور پر 1980 میں پیش کیا گیا تھا۔

فکشن کردار ’ شی ہلک‘ دراصل مرد کردار ’ہلک‘ کا کزن ہے، تاہم ’ شی ہلک‘ کی اچھی بات یہ ہے کہ وہ ایک وکیل بھی ہیں، جس وجہ سے وہ ٹی وی سیریز میں صرف اپنی طاقت کے زور پر دشمنوں کو مزا نہیں چکھائیں گی بلکہ وہ دشمنوں کے خلاف قانونی رستے اختیار کریں گی۔

ڈیڈ لائن کے مطابق اگرچہ تاحال مارول اسٹوڈیو نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ اداکارہ تاتیانا مسلانے کو ’ شی ہُلک‘ کےکردار کے لیے کاسٹ کیا گیا ہے، تاہم اسٹوڈیو سے جڑے ذرائع نے تصدیق کی کینیڈین نژاد اداکارہ ہی سپر ہیرو خاتون کا کردار ادا کریں گی۔