چین: تیل اور مال بردار بحری جہازوں میں تصادم، 14 افراد لاپتا

233

چین میں تیل اور مال بردار بحری جہازوں میں تصادم سے تیل بردار جہاز میں آگ لگ گئی جبکہ 14 افراد لاپتا ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ نے چین کے سرکاری میڈیا کا حوالہ دے کر بتایا کہ حادثہ شنگھائی کے قریب پیش آیا جس میں 14 افراد لاپتا ہیں۔

خیال رہے کہ تیل بردار بحری جہاز میں 3 ہزار ٹن تیل تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق حادثے کے فوراً بعد تیل بردار جہاز میں آگ لگ گئی تھی۔

سرکاری نشریاتی ادارے پر نشر ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کوسٹ گارڈ کے ہنگامی عملے نے حادثے کے فوراً بعد وہاں پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن تیل بردار جہاز پانی میں ڈوب گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شنگھائی کوسٹ گارڈ کے ہنگامی عملے نے 3 افراد کو بچا لیا۔

چینی میڈیا نے بتایا کہ 14 افراد تاحال لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش کے لیے ریسکیو کی کوششیں جاری ہیں۔

تاہم حادثے سے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کی گئی اور حادثے کی وجہ سے بھی نہیں بتائی گئی۔