لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پی ایس ایل کی فیورٹ ٹیم کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم اپنی 54ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سوئنگ کے سلطان کی پہچان بنانے اور بیٹسمنیوں پر اپنی بولنگ کی دھاک بٹھانے والے پاکستان کے ہیرو کی آج 54ویں سالگرہ ہے تاہم وہ اپنی سالگرہ نہاہت سادگی سے منا رہے ہیں۔
وسیم اکرم کی سالگرہ کے موقع پر ان کے مداحوں کی جانب سے ٹوئٹر پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ میری سالگرہ پر محبت بھرے پیغامات بھیجنے کے لئے آپ سب کا شکریہ ، میں نے رواں سال کا تقریبا ایک چوتھائی حصہ قرنطینہ میں گزارا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ باؤلر وسیم اکرم 3 جون 1966ءکو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے گورنمنٹ اسلامیہ کالج لاہور سے تعلیم مکمل کی۔ وہ بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنیو الے دنیا کے بہترین باؤلر مانے جاتے ہیں۔