آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈز کا اعلان کردیا

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز کے لیے اپنے اپنے اسکواڈز کا اعلان کردیا جس میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت اور بعض اہم کھلاڑیوں کی واپسی بھی شامل ہے۔آسٹریلوی ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ اسٹیو اسمتھ سمیت دیگر اہم کھلاڑی بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔آسٹریلوی اسکواڈ میں جیک کلیٹن، کیمرون گرین، اسکاٹ بولینڈ، الیکس کیری، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، مائیکل نیسر، میتھیو رنشا، کوری روکی چولی اور مچل اسٹارک شامل ہیں۔بیٹر جیک کلیٹن اور اسپنر کوری روکی چولی پہلی مرتبہ آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔آسٹریلوی چیف سلیکٹر جارج بیلی کے مطابق نیتھن لیون کو اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ مشکل تھا، تاہم حالیہ میچز میں ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی۔ ایک کھلاڑی کی شمولیت کا فیصلہ شیفلڈ شیلڈ کے اگلے راؤنڈ کے بعد کیا جائے گا۔دوسری جانب نیوزی لینڈ نے بھی دورہ آسٹریلیا کے لیے 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، جس میں سات فاسٹ بولرز کو شامل کیا گیا ہے۔نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں ول او رورکی، میٹ فشر اور مائیکل رائے کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ انجری کا شکار مچل سینٹنر اور بلیئر ٹکنر مکمل فٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔








