امریکا کی اے آئی ٹیکنالوجی سے چین پریشان، جوہری میزائلوں کے نشانے پر آنے کا خدشہ

چین کو خدشہ ہے کہ امریکا مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی جدید ٹیکنالوجی استعمال کرکے اس کے جوہری میزائلوں اور لانچرز کا سراغ لگانے اور انہیں تباہ کرنے کی صلاحیت حاصل کرسکتا ہے، جس سے بیجنگ کی جوابی جوہری حملے کی طاقت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔چیف چائنا کرسپانڈنٹ کرس بکلی نے چینی فوجی اور سویلین محققین کے 100 سے زائد حالیہ تحقیقی جائزوں کا مطالعہ کیا اور اس معاملے پر ماہرین اور سابق امریکی حکام سے بھی گفتگو کی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چین کی بنیادی تشویش یہ ہے کہ امریکا مصنوعی ذہانت کے ذریعے جاسوسی، نگرانی اور مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا تیزی سے تجزیہ کرکے چینی میزائل لانچرز کی نشاندہی، ان کا تعاقب اور انہیں نشانہ بنا سکتا ہے۔ اس طرح چین کی وہ صلاحیت کمزور پڑ سکتی ہے جس کے تحت وہ دشمن کے جوہری حملے کے بعد جوابی کارروائی کرسکتا ہے۔بیجنگ کی اکیڈمی آف ملٹری سائنس کے دو محققین کے مطابق جوہری فیصلہ سازی کے نظام میں مصنوعی ذہانت اور متعلقہ ٹیکنالوجیز شامل ہونے سے امریکا فیصلہ سازی کا روایتی دورانیہ 15 سے 30 منٹ سے کم کرکے 90 سیکنڈ یا اس سے بھی کم کرسکتا ہے۔چین کی جوہری حکمت عملی کا مطالعہ کرنے والے امریکی محکمہ خارجہ کے سابق تجزیہ کار جیرالڈ سی براؤن کے مطابق چینی محققین کا خیال ہے کہ مصنوعی ذہانت دشمن کے حملوں سے جوہری ہتھیاروں کو محفوظ رکھنا مزید مشکل بنا سکتی ہے۔رپورٹ میں فیڈریشن آف امریکن سائنٹسٹس کے اندازوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چین کے پاس اس وقت تقریباً 620 جوہری وار ہیڈز ہیں،جبکہ 2030 تک یہ تعداد ایک ہزار تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس کے مقابلے میں امریکا اور روس، دونوں کے پاس تقریباً 1800، 1800 جوہری وار ہیڈز موجود ہیں۔چین اپنے جوہری اثاثوں کو محفوظ بنانے کے لیے بھی اقدامات کررہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس نے اپنے فوجی اثاثے مختلف مقامات پر پھیلائے ہیں، شمالی صحراؤں میں تقریباً 320 زیر زمین میزائل لانچ سائیلوز تعمیر کیے ہیں اور جولائی میں آبدوز سے داغے جانے والے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ بھی کیا ہے۔








