متحدہ عرب امارات میں بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم، 11 افراد ہلاک

متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔اماراتی حکام نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔اماراتی وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو کارروائیوں میں ایمبولینس سروس، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں نے حصہ لیا۔وزارت داخلہ کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران جائے حادثہ کو محفوظ بنایا گیا اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے انتظامات بھی کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حادثے کی وجوہات اور دیگر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔وزارت نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط سے کام لیں، معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کریں اور حادثے سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات یا افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔واضح رہے کہ رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں پیش آنے والا یہ دوسرا بڑا ٹریفک حادثہ ہے۔ اس سے قبل 12 نومبر کو ریاست فجیرہ میں متعدد گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے تھے۔ حکام کے مطابق اس حادثے میں ایک ٹرک ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا تھا، جس کے بعد ٹرک کئی دوسری گاڑیوں سے ٹکرا گیا تھا۔








