وہ فلم جس کی کہانی جو شروع سے آخر تک دیکھنے پر مجبور کر دیتی ہے

ٹائم لوپ یا ایک مخصوص وقت کا بار بار چلنے والا چکر سائنس فکشن فلموں کا بہت مقبول خیال ہے۔عموماً اس طرح کی فلموں میں کردار کسی بھی وجہ سے ایک دن یا تجربے سے بار بار گزرتے ہیں اور یہ تعین کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ اس سے نکلنے کے لیے کیا کرنے کی ضرورت ہے۔ٹائم لوپ ایک ایسا تصور ہے جس کے مطابق کوئی فرد اس میں پھنس جائے تو اسے مخصوص وقت (جیسے چند منٹ، چند گھنٹے یا ایک دن) یا تجربے سے بار بار گزرنا پڑتا ہے۔ایسی ہی ایک بہترین فلم 2014 میں ریلیز ہوئی جس میں ٹام کروز اور ایملی بلنٹ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔آف ٹومارو نام کی اس فلم کے ڈائریکٹر ڈگ لائمن تھے جبکہ ٹام کروز نے میجر ولیم کیج اور ایملی بلنٹ نے ریٹا وراٹاسکی کے کردار ادا کیے۔یہ ایک جاپانی ناول پر مبنی فلم ہے جس کی کہانی واقعی کمال کی ہے اور دیکھنے والوں کو اسکرین سے نظر ہٹانے نہیں دیتی۔یہ فلم ایلینز کے زمین پر حملے کے گرد گھومتی ہے جن کے خلاف مقابلے کے لیے یونائیٹڈ ڈیفنس فورس کے نام سے بین الاقوامی فوج تشکیل دی گئی تھی۔اس سلسلے میں برطانیہ میں ایک منصوبہ بنایا جاتا ہے جس کے تحت فرانس میں ایلینز کے خلاف جنگ کی جانی تھی اور منصوبے کے انچارج جنرل برگھم کی جانب سے میجر ولیم کیج (ٹام کروز) کو اس کی کوریج کا حکم دیا جاتا ہے۔میجر ولیم کیج ائیرپورٹ پر پہنچتا ہے تو وہ سو رہا ہوتا ہے اور اٹھنے کے بعداسے علم ہوتا ہے کہ اس کی تنزلی کر دی گئی ہے اور اسے بھگوڑا قرار دے کر ایک جنگی یونٹ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔جب ایلینز پر حملہ کیا جاتا ہے تو اس کے دوران میجر ولیم کیج ایک عظیم الجثہ ایلین کو مار دیتا ہے مگر اس کے خون میں نہا کر خود بھی مر جاتا ہے۔پھر میجر کی آنکھ اسی صبح کھلتی ہے جب وہ ہیتھرو ائیرپورٹ پر پہنچا تھا اور وہی چیزیں اس کے سامنے ہوتی ہیں جن سے پہلے وہ گزر چکا ہوتا ہے۔یہ ایسا ٹائم لوپ ہوتا ہے جس کے دوران میجر ولیم کیج بار بار مر کر زندہ ہوتا ہے جس کے دوران اس کی ملاقات ریٹا وراٹاسکی (ایملی بلنٹ) سے بھی ہوتی ہے جس کو بھی اس طرح بار بار مرنے جینے کا تجربہ ہو چکا ہوتا ہے۔بار بار مرنے اور جینے کی وجہ کیا ہوتی ہے اور یہ دونوں کیسے ایلینز کو شکست دینے کی منصوبہ بندی کرتے ہیں، یہ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔








