Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

گرو نانک دیو جی کے 557ویں پرکاش پُرب کی تقریبات ،بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے،سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے استقبال کیا

لاہور ( آصف اقبال ) سری گرو نانک دیو جی کے 557ویں پرکاش پُرب کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور و چیئرمین پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان اور ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق کے ہمراہ سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا اس موقع پر جتھے دار اکال تخت صاحب گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج، اکال تخت صاحب کے پنج پیاروں اور دہلی ہریانہ جموں و کشمیر سمیت بھارت کے مختلف علاقوں سے آنے والی سکھ سنگت کا خیرمقدم کیا گیا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے بھارت سے آنے والی سکھ سنگت کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب، جنہیں محبت سے دھی پنجاب دی کہا جاتا ہے کی خصوصی ہدایات پر سکھ یاتریوں کے استقبال قیام و طعام سفری سہولیات اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ تمام متعلقہ سرکاری ادارے مہمانوں کی خدمت کے لیے متحرک ہیںانہوں نے بتایا کہ سکھ یاتریوں کے لیے 3 ہزار 19 ویزے جاری کیے گئے ہیں، جبکہ سکھ برادری کی جانب سے ساڑھے سات ہزار یاتریوں کی پاکستان آمد کی خواہش ظاہر کی گئی تھی۔ پاکستان مذہبی سیاحت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر یقین رکھتا ہے اور سکھ برادری کے لیے اپنے مقدس مقامات کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھنا چاہتا ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ سری گرو نانک دیو جی کی جنم بھومی ننکانہ صاحب پاکستان میں واقع ہے اور پاکستان کا سکھ برادری کے ساتھ محبت، عقیدت اور احترام کا گہرا رشتہ ہے۔ پاکستان میں سکھ برادری کو اپنی مذہبی شناخت، عبادات اور روایات کے تحفظ کے ساتھ سکھ میرج ایکٹ کی سہولت بھی حاصل ہے کرتارپور راہداری کے حوالے سے سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ 2019 میں راہداری کا افتتاح سکھ برادری کے لیے تاریخی سنگ میل تھا، جس کے ذریعے روزانہ پانچ ہزار سکھ یاتریوں کو اپنے مقدس مقام کی زیارت کی سہولت فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور سکھ برادری کے لیے مکہ اور مدینہ کی حیثیت رکھتا ہے بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈیڑھ سال سے بند کرتارپور راہداری دوبارہ کھولی جائے تاکہ دنیا بھر کی سکھ سنگت بلا رکاوٹ اپنے مقدس مقام کی زیارت کر سکے انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کے 50 تاریخی گوردواروں کو ان کی اصل تاریخی اور مذہبی حالت میں بحال کیا جا رہا ہے۔ بحال کیے جانے والے پہلے گوردوارے کا افتتاح رواں ماہ کے اختتام پر کیا جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد سکھ برادری کے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا ہے سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ سکھ یاتریوں کی خواہش پر انہیں لاہور کے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی مقامات کی سیر بھی کروائی جائے گی تاکہ وہ پاکستان کے تاریخی ورثے اور مہمان نوازی سے لطف اندوز ہو سکیں صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان آنے والی سکھ سنگت کی میزبانی ہمارے لیے اعزاز ہے اور سکھ یاتریوں کو عزت محبت اور احترام دینا باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ ہے اس موقع پر انہوں نے سکھ یاتریوں کی آمد، استقبال اور انتظامات میں تعاون پر متروکہ وقف املاک بورڈ، پاکستان رینجرز، ایف آئی اے، کسٹمز، چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا، جبکہ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری اور ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب کی میڈیا ٹیم کی معاونت کو بھی سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button