پاکستان نیلامی پر !

پاکستان لٹیروں کی جنت ہے، اگر یہ کہا جائے تو اس میں غلط کیا ہوگا ؟! بلکہ یہ گنہگار راقم الحروف (پاکستان میں مروجہ اصطلاح میں جسے لکھاری کہا جاتا ہے!) بہت دیر سے سوچ رہا تھا کہ اس کالم کا عنوان آج یہی رکھوں لیکن پھر اس سرخی پر نظر پڑ گئی جس میں اسلام آباد میں عاصم منیر کی سربراہی میں گذشتہ ہفتے اس کانفرنس کی روداد پر پڑگئی جو پاکستانی معدنیات میں سرمایہ کاری کیلئے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو ترغیب دلوانے کیلئے سجائی گئی تھی !پاکستان میں کسی بھی عنوان سے کوئی بھی کانفرنس بلائی جائے اس میں کلیدی خطاب عاصم منیر کا ہی ہوتا ہے !آپ، یعنی میرے شمالی امریکہ میں بسنے والے پاکستانیوں سے میرا سوال ہے کہ کیا آپ نے امریکہ یا کینیڈا میں سوائے دفاع کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس کے علاوہ آپ نے کبھی یہ پڑھا یا سنا ہو کہ اس سے بری، فضائی یا بحری فوج کے کسی جرنیل یا سربراہ نے خطاب کیا ہو ؟مجھے معلوم ہے آپ کا جواب نفی میں ہوگا!مجھ گنہگار کو کینیڈا میں آباد ہوئے چھبیس برس ہوگئے میں نے تو آج تک اپنے اس وطنِ ثانی یا امریکہ کے حوالے سے یہ نہیں سنا، یا پڑھا، کہ فلاں فلاں جرنیل نے کسی سرمایہ کاری، یا خارجہ پالیسی پر ہونے والی کسی کانفرنس یا اجتماع سے خطاب کیا ہو، چہ جائیکہ کلیدی خطاب ادا کیا ہو !لیکن پاکستان، جسے میں اپنا وطنِ مرحوم کہتا ہوں اور یہ اضافت استعمال کرتے ہوئے مجھے جو دکھ ہوتا ہے اس کا اندازہ میری نسل کے افراد بخوبی کرسکتے ہیں اسلئے کہ ہم اس نسل کے لوگ ہیں جس نے لاہور میں 23 مارچ 1940ء کی قرارداد کے، جسے پاکستان بننے کے بعد قراردادِ پاکستان کا نام دیا گیا، ساتھ اس دنیا میں جنم لیا تھا اور آنکھ کھولی تھی تو اس نعرہ کے ہمراہی میں کہ ’’لےکے رہیںگے پاکستان اور بٹ کےرہے گا ہندوستان‘‘!
اور میری یادداشت پر جو نعرہ سب سے زیادہ اور گہرا ثبت ہے وہ تھا : پاکستان کا مطلب کیا، لا اللہ
الاالللہ۔لیکن ہوا کیا کہ پاکستان بننے کے چار سال کے اندر اندر پاکستان بنانے والے قائدین کو یا تو اللہ نے خود ہی اپنے پاس بلالیا اور جو طبعی موت سے نہ مرسکے انہیں جاگیرداروں اور جرنیلوں کی باہمی سازش سے دارِ فانی سے کوچ کروادیا گیا اور پھر کیا تھا، یاروں کیلئے میدان صاف تھا کہ جو چاہیں پاکستان کا حشر کریں!جاگیرداروں اور وڈیروں نے بہت جلد یہ اندازہ کرلیا کہ جرنیلوں کی ہوسِ اقتدار اور سیاسی بھوک ان سے کہیں زیادہ تھی لہٰذا انہوں نے اپنی بقا کیلئے جرنیلوں کی سرپرستی قبول کرلی۔ وہ دن اور آج کا دن پاکستان پوری طرح سے جرنیلستان یا فوجستان بن چکا ہے!جرنیلوں کی ترجیحاتِ سیاسی اقتدار میں مشرقی پاکستان کو پاکستان سے جدا کردینا سرِ فہرست تھا اسلئے کہ اول تو مشرقی پاکستان کے بنگالی پاکستان کی آبادی میں اکثریت کے حامل تھے، دوسرے ان میں آزادی کا جذبہ بدرجہ اتم تھا۔ ان میں غلامی کا خمیر وہ نہیں تھا جو مغربی پاکستان کے دو بڑے صوبوں ، پنجاب اور سندھ، میں بہت گہرا ، بلکہ بہت گاڑھا ہے، اتنا گاڑھا کہ انہیں جرنیلوں کی غلامی دل سے قبول ہے اور وہ اپنی اس حیثیت کو بدلنے کیلئے فی الحال کسی طور آمادہ دکھائی نہیں دیتے !مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے بعد جرنیلوں کیلئے سلطانیء پاکستان کا راستہ ہموار یوں ہوگیا کہ پنجاب اور سندھ کو بالترتیب انہوں نے جاگیردار اور وڈیرے گماشتوں کے حوالے اس شرط پہ کردیا کہ وہ جرنیلوں کی بالادستی اور سلطانی کو دل سے قبول کرینگے !سو مشرقی پاکستان کے بنگلہ دیش بن جانے کے بعد سے بچے کھچے پاکستان کا سیاسی نقشہ یہی رہا ہے کہ بری فوج کا ہر سربراہ ایک اعتبار سے پاکستان کا بے تاج بادشاہ بنا رہا ہے اور اپنی سلطانی کو سیاسی کٹھ پتلیوں اور گماشتوں کی مدد سے کامیابی سے دوام دیتا آیا ہے !
زلفی بھٹو نے ان کی سلطانی کو چیلنج کیا تو اسے پھانسی دے دی گئی۔ عمران نے ان کے تسلط اور غلبہ سے نکلنا چاہا تو اس کا کیا حشر ہوا، اور یزیدِ وقت، عاصم منیر اسے کیسے عبرت کا نمونہ بنانا چاہتا ہے یہ دنیا کے سامنے شفاف آئینہ کی طرح عیاں ہے!عاصم منیر عمران کا وہی حشر کرنا چاہتا ہے جو سامراج کے ایک اور غلام، مصر کے نام نہاد مردِ آہن، عبدل فتح سیسی نے مصر کے پہلے عوام کے منتخب کردہ صدر۔ محمد مرسی کا کیا تھا کہ مرسی کو زندان سے کبھی باہر نہیں آنے دیا اور وہیں اس مردِ مجاہد کو ایذائیں دے دیکر موت کی نیند سلادیا گیا !خدا نہ کرے جو عمران کا اس یزیدِ وقت کا ہاتھوں وہی انجام ہو جو محمد مرسی کا مصر کے یزید کے ہاتھوں ہوا !لیکن یہ تو طے ہے کہ اس پاکستانی یزید نے ظلم و جور اور سیاسی انتقام میں اپنے ہر پیشرو کو میلوں دور چھوڑ دیا ہے !تو بات کہاں سے کہاں نکل گئی۔ میں بات کر رہا تھا اپنے شمالی امریکہ کے قارئین کی جنہوں نے میری طرح اپنے حافظہ کو بہت کھنگالا لیکن کسی جرنیل یا عسکری قائد کو کبھی سیاسی امور میں ملوث نہیں پایا !لیکن پاکستان کے عسکری یزید کی بات ہی الگ ہے۔ وہ جو شاعر نے کہا تھا
وضع الگ ہے زمانے سے سب نرالے ہیں
یہ عاشق کونسی بستی کے یارب رہنے والے ہیں ؟
تو ہم یہاں دوسرے مصرعہ میں خفیف سے تصرف کے بعد پاکستان کے حوالے سے یہ کہنے یا سوال کرنے میں پوری طرح حق بجانب ہونگے
یہ جرنیل کونسی بستی کے یارب رہنے والے ہیں؟!
تو عسکری یزیدِ وقت کی ہر ممکن کوشش یہ ہے کہ دنیا اسے پاکستان کا بے تاج شہنشاہ تسلیم کرلے۔ پاکستان کے بے حس عوام سے اسے کوئی خطرہ نہیں اسلئے کہ ان کی خوئے غلامی انہیں ہر ظلم و ستم سہنے اور برداشت کرنے کی ترغیب دیتی رہتی ہے اور وہ اس غلامی میں مست ہیں!یزید کی تمام تر کوشش یہ ہے کہ وہ دنیا کو اپنے چہرے سے بخوبی روشناس کروادے اسلئے کہ اس کے ایجنڈا میں اپنے آپ کو ملک کا تا حیات صدر، اگر سلطان نہیں، بنوانا شامل ہی نہیں بلکہ اس کی ترجیحِ اول و آخر ہے !پاکستانی عسکری طالع آزماؤں کی سرشت میں اول تو پاکستان پر حکمرانی اور سلطانی ہے ، دوئم سامراج، جس کی کمان امریکہ کے پاس ہے، کی غلامی ہے !امریکہ کی یہ عسکری غلامی سات دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط ہے!پاکستان کی سیاسی تاریخ پر نظر رکھنے والے بخوبی جانتے ہیں کہ واشنگٹن سے جب تک آشیرواد نہ ملے تو کوئی جرنیل عسکری سالار یا سپہ سالار نہیں ہوسکتا۔ سو یہ جانتے ہوئے عاصم منیر نے اپنی سیاسی جاگیر، یعنی پاکستان، کو امریکہ کی ہوس قیمتی معدنیات پورا کرنے کیلئے وقف کردیا ہے!امریکہ کو وہ قیمتی اور انمول معدنیات چاہئیں جو بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کی زمینوں میں دفن ہیں۔ لہٰذا عاصم منیر کی پوری کوشش ہے کہ وہ اپنے آقاء صدر ٹرمپ کی اس فرمائش کو بدرجہ اتم بجا لائے۔ٹرمپ کو وہ معدنیات چاہئیں جو پاکستان کے ان دو چھوٹے صوبوں میں ہیں۔ ٹرمپ کی ہوس اس درجہ ہے کہ وہ تو میانمار (ماضی کا برما ) کے عسکری جرنیلوں، جن کا جغرافیہ عاصم منیر سے ملتا ہے، سے سودا کرنے کیلئے تیار ہے۔ اسے قانون، یا قانون اور آئین کی بالادستی، یا انسانی حقوق جیسے فضول موضوعات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ وہ تو اپنے اعمال و افعال سے امریکہ کی ڈھائی سو سالہ جمہوریت کو دن و رات پامال کرنے کے درپے ہے لہٰذا ایسے فرعون صفت حکمراں کا قارورہ پاکستان کے یزید عاصم منیر یابرما کے عسکری یزیدوں سے ملتا ہے اور ان کے درمیان گاڑھی چھنتی ہے اور چھن رہی ہے !سو اس پس منظر میں عاصم منیر کیلئے پاکستان کی معدنی دولت کو امریکہ کی خوشنودی اور سرپرستی حاصل کرنے کیلئے ایک وسیلہ کو طور پہ استعمال کرنے کی سہولت مل گئی ہے اور وہ اس بہتی گنگا میں ہاتھ ہی نہیں دھونا چاہ رہا بلکہ ڈبکیاں لگانے کا اس کا منصوبہ ہے !سو پاکستان کی قیمتی معدنیات عاصم منیر کی ہوس اقتدار اور سلطانی کی بھینٹ چڑھائی جائینگی اور اس مقصد سے پاکستان کے عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے نام نہاد بین الاقوامی سرمایہ کاری کا ڈرامہ رچایا گیا ہے تاکہ عوام یہ سمجھیں کہ پاکستان میں باہر کی دنیا سے پیسہ اور سرمایہ آنے والا ہے لیکن یہ راز نہ جان پائیں کہ ان کی دولت نیلام ہورہی ہے !عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے یزیدی گماشتہ، محسن نقوی، مزید صوبوں کا شوشہ کبھی چھوڑتا ہے، کبھی مزید انتظامی یونٹس کا ڈھول پیٹتا ہے۔ اب اس گماشتے نے ریفرنڈم کا اسٹنٹ یا ڈرامہ رچانے کی بات کی ہے۔
ریفرنڈم یا انتخابات سب بے معنی ہیں ان چوروں اور ڈکیتوں کے راج میں !کیا ضمانت ہے کہ ریفرنڈم میں اگر پاکستان کے عوام نے یزیدی منصوبہ کے خلاف اپنا فیصلہ سنادیا تو اس فیصلہ کا احترام کیا جائے گا؟8 فروری 2024ء کے عام انتخابات میں پاکستانی عوام کی واضح اکثریت نے تو اپنا فیصلہ عمران خان کے حقِ قیادت کی حمایت میں دیا تھا جو راتوں رات بدل دیا گیا اور ان چوروں کو عسکری سرپرستی میں قوم پر مسلط کردیا گیا جنھیں قوم رد کرچکی تھی!عاصم منیر پاکستان کے عوام کو یہ باور کروانا چاہتا ہے کہ اسے بیرونی طاقتوں کی سرپرستی حاصل ہے۔ سو پاکستانی قوم کے سینے پر وہ بلا کھٹکے مونگ دَل سکتا ہے اور دَل رہا ہے۔
اپنی انا پہ کرتا ہے قربان ملک کو
آشوبِ قوم جو کہ ہے یہ عسکری یزید
اس کی ہوس کی بھینٹ چڑھا جارہا ہے ملک
کیا ظلم اور توڑے گا، کتنا ستم مزید ؟







