Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی
Trending

ایران پر دوبارہ حملوں کا معاملہ، ٹرمپ اور نیتن یاہو میں فون پر شدید تلخ کلامی کا انکشاف

واشنگٹن: ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کے درمیان ٹیلی فون پر شدید اختلافات سامنے آئے ہیں۔اسرائیلی وزیراعظم ایران پر حملے دوبارہ شروع کرنے کے لیے امریکی صدر پر زور دے رہے ہیں، تاہم واشنگٹن اور خلیجی ممالک سفارتی حل کو ترجیح دے رہے ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہفتے کے اختتام پر ہونے والی گفتگو میں ایران کے خلاف فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کے معاملے پر اختلافات شدت اختیار کرگئے۔ ایک ذریعے نے اس گفتگو کو انتہائی تلخ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جہنم جیسی چیخ و پکار والی گفتگو تھی۔تاہم نیتن یاہو کے دفتر نے دونوں رہنماؤں کے درمیان اختلافات اور تلخ کلامی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا۔ ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے گفتگو ہونے کی تصدیق کی، لیکن کہا کہ بات چیت جارحانہ یا تلخ نہیں تھی۔اس سے قبل فنانشل ٹائمز نے رپورٹ کیا تھا کہ نیتن یاہو ٹرمپ سے روزانہ رابطہ کرکے ایران کے خلاف فوجی حملے دوبارہ شروع کرنے پر زور دے رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق عرب اور مسلم ممالک کے رہنما نیتن یاہو کی ان کوششوں پر تشویش رکھتے ہیں اور ٹرمپ پر زور دے رہے ہیں کہ وہ فوجی کارروائی کے بجائے سفارتی حل کو ترجیح دیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت سمیت خلیجی اتحادی ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کے سخت مخالف ہیں۔انہوں نے تنازع کے حل کی جانب مثبت پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کی جانب سے دوبارہ بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کا امکان کم دکھائی دیتا ہے۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی کہا کہ واشنگٹن کو فی الحال بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ ان کے مطابق ایران کے خلاف اقتصادی پابندیاں اپنا مقصد پورا کر رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button