Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

جہلم میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری بچوں کے خواب پورے کرنا میری ذمہ داری ہے کرپشن کرنے والے کسی وزیر کو نہیں چھوڑوں گی مریم نواز

جہلم ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں عوام کی امانت کا ایک ایک پیسہ عوام کی ترقی اور خوشحالی پر خرچ کیا جا رہا ہے، کرپشن کرنے والے کسی وزیر یا سرکاری عہدیدار کو نہیں چھوڑوں گی، اگر کسی وزیر کے خلاف کرپشن کا ثبوت سامنے آیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ بچوں کے خواب پورے کرنے کے لیے دن رات ایک کر دوں گی، تعلیم سب سے بہترین سرمایہ کاری ہے اور بچے ترقی کریں گے تو پاکستان آگے بڑھے گا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف جہلم کے دورے کے دوران گورنمنٹ کمپری ہینسو سکول پہنچیں جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں جنرل سلامی پیش کی۔ اس موقع پر بچوں نے وزیراعلیٰ کو پنسل اسکیچ اور پورٹریٹ پیش کیے جبکہ صنعت زار کی طالبہ قدسیہ نے اپنے ہاتھ سے تیار کردہ سویٹر بطور تحفہ پیش کیا۔ گورنمنٹ کالج ٹاہلیاں والا کے طالب علم محمد اسماعیل اور طالبہ خدیجہ ڈول نے بھی اظہار خیال کیا
وزیراعلیٰ نے جہلم میں ہونہار سکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ اور سکالرشپ چیکس تقسیم کیے۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے تعلیمی اقدامات اور منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی پالیسیوں کے نتیجے میں سرکاری کالجز میں ساڑھے دس ہزار جبکہ نجی کالجز میں ساڑھے سات ہزار داخلے ہوئے ہیں جہلم کے طلبہ کے لیے 537 جدید آئی سیون 13ویں جنریشن کے لیپ ٹاپ اور 109 ہونہار سکالرشپس فراہم کیے جا رہے ہیں سرکاری یونیورسٹی کے 115 طلبہ اور نرسنگ کالج کی 42 طالبات کو لیپ ٹاپ دیے گئے جبکہ سرکاری کالجز کے 380 طلبہ و طالبات بھی اس سہولت سے مستفید ہوئے جن میں 329 طالبات اور 51 طلبہ شامل ہیں اس کے علاوہ 109 طلبہ کو تقریباً 25 لاکھ روپے کے ہونہار سکالرشپس دیے گئے
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ 15 دسمبر کو جہلم میں نواز شریف سکول آف ایمننس کا آغاز کیا جائے گا جبکہ جنوری میں دینہ سوہاوہ اور پنڈ دادن خان میں گرین بسیں چلائی جائیں گی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں تین سال کے دوران اربوں نہیں بلکہ کھربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ ہم باتیں نہیں بناتے بلکہ عملی کام کرتے ہیں، باتوں کی عمر مختصر ہوتی ہے اور خدمت ہی وہ راستہ ہے جس کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) بار بار اقتدار میں آتی ہے عوام اب بیانیے نہیں بلکہ خدمت کو ووٹ دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ میں یہ دعویٰ نہیں کرتی کہ پنجاب میں کرپشن مکمل طور پر ختم ہو گئی ہے، تاہم جہاں کرپشن کا پتا چلتا ہے وہاں حکومت سخت کارروائی کرتی ہے اگر کسی وزیر کے خلاف کرپشن کا ثبوت سامنے آیا تو اسے ہرگز نہیں چھوڑوں گی پنجاب کا ایک ایک پیسہ عوام کی ترقی پر خرچ ہو رہا ہے اور عوام کی امانت میں خیانت کرنے والوں سے ایک ایک پائی واپس لی جائے گی
مریم نواز شریف نے کہا کہ ماضی میں چھوٹے شہروں کو ترقیاتی منصوبوں میں نظرانداز کیا جاتا تھا، لیکن اب جہلم، اٹک، ساہیوال، منڈی بہاؤالدین اور دیگر شہروں میں بھی بڑے منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ پہلے چھوٹے شہروں سے صرف مسائل کی خبریں آتی تھیں، اب ترقی اور خوشحالی کی خبریں آ رہی ہیں
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 300 نواز شریف سکول آف ایمننس قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں ایئرکنڈیشنڈ کلاس رومز، جدید لیبارٹریز اور بہترین فیکلٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ میری خواہش ہے کہ اس معیار کے تعلیمی ادارے پنجاب کے ہر بچے کو میسر ہوں۔ صوبے کے 50 ہزار سکولوں میں کروڑوں بچے زیر تعلیم ہیں اور ہر بچے نے محنت کرکے ملک کا نام روشن کرنا ہے وزیراعلیٰ نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کو آگے بڑھنا چاہیے انہیں کسی کی یہ بات نہیں سننی چاہیے کہ کوئی کام ان کے کرنے کے لیے نہیں ہے۔ بچے بڑے خواب دیکھیں مریم نواز ان خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے دن رات محنت کرے گی۔ ہونہار طلبہ کے والدین مبارکباد کے مستحق ہیں، کیونکہ والدین اپنے بچوں کے بستوں میں بے شمار خواب رکھ کر انہیں تعلیمی اداروں میں بھیجتے ہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں طلبہ کو ایک لاکھ سے زائد سکوٹیز فراہم کی جا رہی ہیں اور سکوٹیز حاصل کرنے والے طلبہ کو مکمل تربیت بھی دی جائے گی صوبے بھر میں گرین بسوں کے ذریعے طلبہ کو مفت سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ماضی میں لوگ بسوں کی چھتوں پر بیٹھ کر اور دروازوں سے لٹک کر سفر کرتے تھے، لیکن اب انہیں جدید اور باعزت الیکٹرو بسوں کی سہولت میسر ہے مریم نواز شریف نے کہا کہ جہلم میں کیتھ لیب کے ذریعے دل کے مریضوں کو مفت اسٹنٹ اور پیس میکر کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ پنجاب کے 25 چھوٹے اضلاع میں کیتھ لیبز شروع کی جا رہی ہیں جبکہ لاہور میں صوبے کا سب سے بڑا سرکاری کینسر ہسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ماضی میں جہلم کے دل کے مریض علاج کے لیے راولپنڈی اور لاہور جانے پر مجبور تھے لیکن اب انہیں اپنے شہر میں جدید علاج کی سہولت مل رہی ہے انہوں نے بتایا کہ ڈیڑھ سے دو سال کے عرصے میں ڈھائی لاکھ گھروں کے لیے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت قرضے فراہم کیے گئے ہیں جہلم میں ایک خاتون سے ملاقات ہوئی جو پہلے 15 ہزار روپے ماہانہ کرایہ ادا کرتی تھیں اور اب اپنے گھر کی 14 ہزار روپے قسط ادا کر رہی ہیں۔ ایسے سینکڑوں خاندان ہیں جنہوں نے حکومتی قرضوں کی مدد سے اپنے گھروں کا خواب پورا کیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں میرٹ کا ایسا نظام قائم کیا گیا ہے جہاں کسی سفارش، پرچی یا اثرورسوخ کی ضرورت نہیں، صرف میرٹ کی بنیاد پر فیصلے ہوتے ہیں۔ اگر کوئی نوجوان میرٹ پر پورا اترتا ہے تو دنیا کی کوئی طاقت اس کی ترقی نہیں روک سکتی۔ سرکاری ملازمتیں سفارش کی بجائے میرٹ پر دی جا رہی ہیں اور حکومت غریب و کمزور طبقے کے ساتھ کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ کسی بااثر شخص کو یہ جرأت نہیں ہونی چاہیے کہ وہ کسی غریب شہری پر ظلم کرے۔ گارمنٹ شاپ میں سیلز گرل پر تشدد کرنے والے شخص کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ پنجاب حکومت پہلی مرتبہ غریب آدمی کے ساتھ پوری قوت سے کھڑی ہے اور آئندہ بھی کھڑی رہے گی مریم نواز شریف نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام اب دعوؤں اور نعروں کے بجائے عملی کارکردگی دیکھتے ہیں۔ گوجرانوالہ اور ساہیوال کے انتخابات میں مخالفین نے بھرپور زور لگایا لیکن مسلم لیگ (ن) کو کامیابی حاصل ہوئی انہوں نے کہا کہ مخالفین کی باتوں کے لیے زبان چلتی ہے، کام نہیں کرتے، جبکہ ہماری حکومت عملی اقدامات کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں بہتری لا رہی ہے
وزیراعلیٰ نے کہا کہ لیپ ٹاپ کھولنے والے بچوں کی ویڈیوز دیکھ کر اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ آج نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈنڈے، پتھر اور بم نہیں بلکہ لیپ ٹاپ ہیں۔ پنجاب کے نوجوانوں کو تعلیم، جدید ٹیکنالوجی اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے ہر شہر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور اب ترقی صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہی۔ جہلم میں خوبصورت بازار، جدید ٹرانسپورٹ، صحت اور تعلیم کے منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومت چھوٹے شہروں کی ترقی کو بھی یکساں اہمیت دے رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button