دانش اسکولز کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، مستحق بچوں کو میرٹ پر داخلے دیے جائیں گے وزیراعظم شہباز شریف

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر میں دانش اسکولز کی تعمیر کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اسکولز کی تعمیر کا کام تیز کیا جائے اور بروقت تکمیل کے لیے تعمیراتی سرگرمیاں 24 گھنٹے جاری رکھی جائیں انہوں نے واضح کیا کہ دانش اسکولز کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابلِ قبول نہیں ہوگا۔وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ جائزہ اجلاس میں ملک بھر میں دانش اسکولز کی تعمیر، بنیادی ڈھانچے اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے بچے ملک کا مستقبل ہیں اور دانش اسکولز ملک کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ دانش اسکولز میں صرف انتہائی غریب اور مستحق گھرانوں کے بچوں کو میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا جائے تاکہ پسماندہ طبقات کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مساوی مواقع میسر آ سکیں وزیراعظم نے دانش اسکولز میں طلبہ کی تعلیم و تربیت کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT) پر مبنی جدید طریقہ کار اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی معیار کے ساتھ ساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے شہباز شریف نے دانش اسکولز کے بنیادی ڈھانچے، سہولیات اور خدمات کے معیار کی جانچ کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی، تاکہ منصوبوں کے معیار اور کارکردگی کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جا سکے وزیراعظم نے وزارتِ مواصلات کو گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں قائم کیے جانے والے دانش اسکولز تک آسان رسائی کے لیے بہترین سڑکوں کا نظام قائم کرنے کی ہدایت کی، جبکہ خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع (سابق فاٹا) میں دانش اسکولز کی تعمیر کے لیے حکمت عملی جلد از جلد پیش کرنے کا حکم دیا اجلاس کے دوران وزیراعظم کو گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، سندھ اور بلوچستان میں دانش اسکولز کی تعمیر پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس بذریعہ زوم آن لائن منعقد ہوا۔








