پاکستان اور قطر کا داخلی سکیورٹی تعاون اور شراکت داری بڑھانے پر اتفاق

اسلام اباد ( آصف اقبال ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی دوحہ میں قطر کے وزیر داخلہ اور داخلی سلامتی فورس (لخویہ) کے کمانڈر شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی سے ملاقات ہوئی، جس میں داخلی سکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے اور سکیورٹی پارٹنرشپ کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔ دونوں وزرائے داخلہ نے اپنی وزارتوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور داخلی سکیورٹی کے شعبے میں باہمی شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور قطر علاقائی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ قطری وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان داخلی سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔



