الکا یاگنک کی بیماری کا ذکر کرتے ہوئے کمار سانو آبدیدہ

بھارتی گلوکار کمار سانو اپنی دیرینہ ساتھی گلوکارہ الکا یاگنک کی صحت کے بارے میں بات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔ انہوں نے الکا کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ دوبارہ صحت مند ہوکر گائیکی کی دنیا میں واپس آئیں گی اور مداحوں کو ان کی جادوئی آواز سننے کا موقع ملے گا۔یہ جذباتی لمحہ موسیقی کے پروگرام ’سا رے گا ما پا 2026‘ کی آئندہ قسط میں دکھایا جائے گا، جس میں کمار سانو کی 69ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ پروگرام کے دوران مقابلے میں شریک گلوکارہ گیتاشری کی پرفارمنس نے کمار سانو کو الکا یاگنک کے ساتھ ریکارڈ کیے گئے رومانوی گیتوں اور اسٹوڈیو میں گزرے لمحات کی یاد دلا دی۔کمار سانو نے اپنے اس موسیقی کے سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ الکا یاگنک کی طبیعت ناساز ہونے کی خبر انہیں بہت جذباتی کردیتی ہے۔ ان کے مطابق، ان کے کیریئر کے کئی مقبول رومانوی گیت الکا کے ساتھ ریکارڈ ہوئے اور بطور گلوکارہ ان کی صلاحیتوں کو کسی تعارف کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ دل سے دعا کرتے ہیں کہ الکا جلد صحت یاب ہوں اور دوبارہ سب کے سامنے آکر گائیں۔ گیتاشری کی پرفارمنس نے انہیں ان دنوں کی یاد دلا دی جب دونوں گلوکار اسٹوڈیو میں ساتھ کام کرتے اور خوبصورت موسیقی تخلیق کرتے تھے۔ اسی دوران کمار سانو نے اپنے ساتھی فنکارہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے ساتھ گائے گئے گیت کی چند سطریں بھی پیش کیں۔



