لاہور کا تاریخی و ثقافتی ورثہ 19 ممالک کے 53 غیر ملکی مندوبین کی توجہ کا مرکز بن گیا

لاہور ( آصف اقبال ) محتسب پنجاب کے دفتر کے قیام کی 30ویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے آنے والے 19 ممالک کے 53 غیر ملکی مندوبین نے لاہور کے تاریخی مقامات کا دورہ کیا اور پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثے، تاریخی طرزِ تعمیر اور عوام کی گرم جوش مہمان نوازی کو سراہا۔ اس موقع پر 9 اکتوبر کو محتسب پنجاب کے دفتر کی جانب سے مندوبین کے لیے خصوصی ثقافتی دورے کا اہتمام کیا گیا، جبکہ بین الاقوامی کانفرنس 8 اکتوبر کو پرل کانٹی نینٹل ہوٹل لاہور میں منعقد ہوئی تھی۔ غیر ملکی مہمانوں نے شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد، ایچی سن کالج اور واہگہ بارڈر کا دورہ کیا۔ مندوبین کا کہنا تھا کہ لاہور کی تاریخ اور ثقافت سے براہِ راست آگاہی نے پاکستان کے تاریخی پس منظر، معاشرتی تنوع اور روزمرہ زندگی کو سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔ ان کے مطابق ایسے دورے مختلف ممالک کے اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے ساتھ عوامی سطح پر دوستی، باہمی اعتماد اور ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس دورے نے پاکستان کے مثبت عالمی تشخص اور بین الاقوامی دوستی کے فروغ کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔



