سندھ میں چینی سرمایہ کاری کے نئے مواقع، 16 ایم او یوز پر دستخط

کراچی ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شنگھائی انویسٹمنٹ کانفرنس کے ذریعے سندھ میں چینی سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت اور چینی کمپنیوں کے درمیان سرمایہ کاری کے 16 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جبکہ نجی شعبے میں بھی متعدد معاہدے طے پائے۔وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق توانائی، تھر کول، زراعت، جدید ٹیکنالوجی، ڈیٹا سینٹرز، ٹرانسپورٹ اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پیش کیے گئے۔ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون اور دیگر بڑے ترقیاتی منصوبے بھی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز رہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت چینی سرمایہ کاروں کو سہولتیں اور ٹیکس مراعات فراہم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی سرمایہ کاری سے نوجوانوں کے لیے روزگار اور فنی تربیت کے مواقع بڑھیں گے اور صوبے کی معیشت مضبوط ہوگی۔



