
ٹیکنالوجی کے ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک نے بھارت میں اپنے سیٹلائٹ انٹرنیٹ منصوبے اسٹار لنک کے آغاز میں تاخیر پر مکیش امبانی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ان کا طنزیہ تبصرہ بھارت میں بڑے کاروباری گروپس کے اثر و رسوخ اور ٹیلی کام مارکیٹ میں مسابقت کے حوالے سے نئی بحث کا سبب بنا ہے۔ایلون مسک نے اپنی پوسٹ میں مکیش امبانی کو مخاطب کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا، ’’پیارے وزیراعظم امبانی، براہِ کرم میری عاجزانہ معذرت قبول کریں کہ میں یہ نہ سمجھ سکا کہ بھارت کے اصل باس آپ ہیں۔‘‘ اس تبصرے میں انہوں نے امبانی کو بھارت کا ’’اصل باس‘‘ قرار دیا، جسے حکومتی پالیسیوں اور بڑے کاروباری مفادات کے تعلق پر تنقید کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔مسک نے مزید طنز کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آیا امبانی بھارت میں اپنی اجارہ دارانہ بالادستی برقرار رکھنے کو ترجیح دیں گے یا اسٹار لنک کو بھی مقامی مارکیٹ میں مقابلے کا موقع دینے پر غور کریں گے۔ ان کے بیانات میں یہ مؤقف بھی شامل تھا کہ بھارت کے دور دراز علاقوں میں قابلِ اعتماد انٹرنیٹ کی کمی تعلیم اور معاشی ترقی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔



