ٹام کروز کی ’ڈیگر‘ بڑے بجٹ کے باوجود باکس آفس پر ناکام

ہالی ووڈ کے سپر اسٹار ٹام کروز کی نئی فلم ’ڈیگر‘ سے وابستہ کامیابی کی توقعات پہلے ہی ہفتے میں پوری نہ ہوسکیں اور فلم نے باکس آفس پر انتہائی کم بزنس کیا ہے۔شمالی امریکا کے 3 ہزار 321 سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ’ڈیگر‘ نے ابتدائی ہفتے میں تقریباً 80 لاکھ ڈالر کمائے۔ حتمی اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد اس رقم میں معمولی تبدیلی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔فلمی تجزیہ کاروں نے اس فلم سے تقریباً 75 لاکھ ڈالر کے ابتدائی بزنس کی توقع کی تھی، لیکن ٹام کروز جیسے عالمی شہرت یافتہ اداکار اور معروف ہدایت کار الیخاندرو گونزالیز ایناریٹو کی موجودگی کے باوجود فلم کی کارکردگی حیران کن طور پر کم رہی۔’ڈیگر‘ کا تخمینی بجٹ 16 کروڑ سے 18 کروڑ ڈالر کے درمیان بتایا جاتا ہے۔ باکس آفس ماہرین کے مطابق اتنے بڑے بجٹ کی فلم کے لیے قابل قبول آغاز کے طور پر کم از کم 4 کروڑ ڈالر کی آمدنی درکار تھی، تاہم ریلیز سے پہلے بننے والے منفی تاثر اور کمزور تشہیری مہم کے باعث فلم سے وابستہ توقعات مسلسل کم ہوتی گئیں۔



