ایران امریکی مخالفت کے باوجود بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی جنرل کمیٹی کا رکن منتخب

امریکی مخالفت کے باوجود ایران بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی( آئی اے ای اے) کی جنرل کمیٹی کا رکن بننے میں کامیاب ہوگیا۔ویانا میں آئی اے ای اے کی جنرل کانفرنس کی جنرل کمیٹی کا رکن ووٹنگ کے ذریعے منتخب کیا گیا جس میں ایجنسی کے اراکین نے ایران کی حمایت میں ووٹ دیا۔اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے کہا کہ ایران کو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی جنرل کانفرنس کی جنرل کمیٹی کا رکن منتخب کرلیا گیا ہے، باوجود اس کے کہ امریکا نے ایران کے انتخاب کو روکنے کی کوشش کی تھی۔ایرانی مشن نے منگل کو ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ آئی اے ای اے کے رکن ممالک نے ایران کی رکنیت کے حق میں ووٹ دیا۔ایران کی اٹامک انرجی ایجنسی کے ترجمان بہروز کمال واندی نے کہا کہ امریکا نے ہرممکن کوشش کی تھی کہ وہ ایسا نہ ہونے دے تاہم یہ کوششیں ناکام رہیں۔واضح رہے کہ ایران نے پیر کو ایرانی اٹامک انرجی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی کو اقوام متحدہ کی جوہری ایجنسی کے ویانا میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں شرکت سے روکے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ رکن ملک کی حیثیت سے ایران کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ایران کے جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ کو اجلاس میں شرکت سے روکنے کے اقدام پر ایران کے نمائندے نے شدید احتجاج کیا۔



