Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

خوشحال دیہات ایکٹ :پنجاب کے 120 دیہات کو مثالی گاؤں بنانے کے پائلٹ پراجیکٹ کا فیصلہ

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس میں صوبے کے دیہات کو مثالی گاؤں بنانے کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب میں خوشحال دیہات ایکٹ 2026 متعارف کرانے اور ابتدائی طور پر 120 دیہات میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے ویلج کمیٹیوں کی فوری تشکیل اور جامع پلان طلب کر لیا۔منصوبے کے تحت ہر گاؤں میں عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ویلج کمیٹی قائم کی جائے گی، جس کی سربراہی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کریں گے، جبکہ ڈپٹی کمشنر تمام ویلج کمیٹیوں اور منصوبے کی نگرانی کریں گے۔ ہر کمیٹی میں چار عوامی اور چار سرکاری نمائندے شامل ہوں گے۔ ان میں ہیڈ ٹیچر، سیکرٹری یونین کونسل، بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) یا مریم نواز ہیلتھ کلینک کے ڈاکٹر سمیت دیگر متعلقہ نمائندے شامل ہوں گے۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت دیہات میں سیوریج اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ پختہ گلیاں تعمیر کی جائیں گی۔ ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز اپنے اپنے متعلقہ دیہات میں ترقیاتی منصوبوں کے نگہبان ہوں گے، جبکہ مقامی آبادی کی مشاورت کو بھی دیہی ترقی کے عمل کا حصہ بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے تمام دیہات کو مثالی گاؤں بنانے کا عزم غیر متزلزل ہے۔ ترقی اب صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کے ثمرات ہر گاؤں تک پہنچیں گے۔ دیہی ترقی میں مقامی لوگوں کی مشاورت شامل کی جائے گی اور منصوبوں میں معیار و شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پنجاب کا ہر گاؤں ایک مثال بنے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button