آپ کی دلہن کراچی سے ہوگی؟ پی ایس ایل ٹرافی رونمائی کے دوران بابر سے سوال
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے پی ایس ایل 9 کی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب کے دوران اپنی دلہن سے متعلق سوال پر خاموشی اختیار رکھنا ہی بہتر سمجھا۔پی ایس ایل 9 کی ٹرافی کی رونمائی تقریب کے دوران بابر اعظم کی شادی کا موضوع ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا۔ ٹرافی رونمائی کی تقریب کے بعد اینکر زینب عباس سے گفتگو کے سیشن کے دوران محمد رضوان ایک بار پھر بابر اعظم کی شادی کا چٹکلہ چھوڑ کر ہنس پڑے، سوال کے جواب میں بابر نے مسکرا کر کہا کہ آپ کو اکیلے میں بتاؤں گا۔جس کے بعد اینکر زینب عباس نے موضوع کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ آج کل آپ کی شادی کا موضوع ہر جگہ ہے، زینب نے شاداب، شاہین اور شان مسعود کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ اب تو سب کی شادیاں ہو چکی ہیں۔جس پر بابر نے کہا کہ ’ان کی شکلیں بھی دیکھ لیں ‘، بابر کے تبصرے پر شاداب نے واضح کیا کہ ’میں بہت خوش ہوں‘ ۔اسی دوران کپتانوں کیساتھ بیٹھے شخص نے بابر سے سوال کیا کہ آپ کی دلہن کراچی سے ہوں گی؟ جس پر زینب عباس نے بھی بابر سے کیا گیا سوال دہرایا ۔تاہم بابر اعظم نے جواب دینے کے بجائے مسکرا کر خاموش رہنے میں ہی بہتری سمجھی۔