پی ایس ایل: مداحوں کی امیدوں پر پورا نہیں اتر پا رہا، بابر اعظم

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ مجھے علم ہے کہ مداحوں کی خواہش کے مطابق ان کی امیدوں پر پورا نہیں اتر پا رہا۔پی ایس ایل 11 کے دوسرے مرحلے کے آغاز پر حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم کے خلاف کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ کوشش کرتا ہوں کہ اچھا کھیل پیش کروں، نتائج آنے میں وقت لگتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک اچھے مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو کامیابی حاصل ہوئی، پچ آسان نہیں تھی اور آنے والے بیٹرز کو مشکلات پیش آرہی تھیں۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ افتخار احمد نے تجربے کار کھلاڑی ہونے کے ناطے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی پرفارمنس دکھا کر پشاور زلمی کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔کپتان پشاور زلمی نے مزید کہا کہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ پانے والے افتخار احمد ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور ہم ان سے ہمیشہ سیکھتے ہیں۔بابر اعظم نے امید ظاہر کی ہے کہ حالات بہتری کی جانب آئیں گے اور تماشائیوں کو میچز دیکھنے کی اجازت ہوگی۔دوسری جانب پی ایس ایل 11 میں مسلسل چوتھی شکست کا شکار ہونے والی حیدرآباد کنگزمین کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بیٹنگ لائن ناکام رہی ہے، ہمیں اس میں بہتری لانی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بولنگ اچھی ہونے کے باوجود ہم بیٹنگ میں کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرپا رہے ہیں، صائم ایوب ایک اچھے بیٹر ہیں، امید ہے کہ وہ جلد فارم میں آجائیں گے۔جیسن گلیسپی نے کہا کہ ہماری ٹیم کے اہم کھلاڑی گلین میکسویل جلد اسکواڈ کا حصہ بن جائیں گے۔



