مارشل آرٹس اسٹار راشد نسیم نے بیٹی کے ہمراہ مزید تین ریکارڈ بنا ڈالے

پاکستان کے لیے سب سے زیادہ عالمی ریکارڈ بنانے والے راشد نسیم اور ان کی صاحبزادی فاطمہ نسیم نے مزید 3 عالمی عالمی ریکارڈ توڑ ڈالے۔کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی کے رہائشی راشد نسیم کو پاکستان کے لیے سب زیادہ عالمی ریکارڈ بنانے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ ان کی بیٹی فاطمہ نسیم فیمیل کیٹیگری میں پاکستان کے لیے سب سے زیادہ گنیز ورلڈ ریکارڈز بنا چکی ہیں۔گنیز ورلڈ ریکارڈ نے اپنی 70ویں سالگرہ کے موقع پر نئی کیٹیگری کو متعارف کروا کر راشد نسیم اور ان کی بیٹی فاطمہ نسیم کو ورلڈ ریکارڈ بنانے کے لیے ہدف بھیجا۔فاطمہ نسیم نے دونوں ہاتھوں میں انڈا پکڑ کر غباروں کو پھاڑنے کا عالمی ریکارڈ بنایا۔گنیز ورلڈ ریکارڈ نے فاطمہ نسیم کو کم سے کم 70 غباروں کو پھاڑنے کا ہدف دیا تھا جس کو فاطمہ نے باآسانی حاصل کر لیا اور 30 سیکنڈ میں اپنے ہاتھوں میں انڈا پکڑ کر 76 غباروں کو پھاڑ ڈالا۔راشد نسیم نے ایک ریکارڈ شن کی مدد سے 35 کے مقابلے میں 42 ماربل ٹائلز توڑ کر بنایا جبکہ دوسرا ریکارڈ دو نن چکو سے غبارے پھاڑنے کا تھا۔ اس ریکارڈ کی خاص بات یہ تھی کہ دونوں غباروں کا ایک ساتھ نن چکو سے پھٹنا ضروری تھا۔ واضح رہے کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ نے اپنے آفیشل پیج پر 70 ویں سالگرہ پر رابطہ کیا اور خصوصی پیغام اور اسپیشل پرفارمنس کے ساتھ ایک ویڈیو بھی جاری کی جس کو اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔راشد نسیم اس سے قبل اٹلی، جرمنی، اسپین، کوریا، چین، سنگاپور اور رومانیہ سمیت دیگر ممالک میں اپنی ناقابل یقین صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔وہ واحد پاکستانی ہیں جو بغیر کسی حکومتی سرپرستی کے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔



