کنگ کہنے پر کوہلی نے مداحوں سے کیا درخواست کی؟
بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے اپنے مداحوں کو خود کو ’کنگ ‘ پکارنے سے منع کر دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی حال ہی میں انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) کی فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم کی نئی جرسی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شریک ہوئے جس دوران کوہلی نے جنوبی افریقا کے کھلاڑی فاف ڈوپلیسی کے ساتھ مل کر نئی جرسی کی رونمائی کی۔بھارتی میڈیا ر پورٹ میں بتایا گیا کہ جرسی رونمائی کی تقریب کے دوران بنگلور کا ایم چنا سوامی اسٹیڈیم ویرات کوہلی کے مداحوں سے ہاؤس فل رہا، جہاں ویرات کوہلی کے مداح ’کوہلی کوہلی‘ اور ’کنگ کنگ ‘کے نعرے لگاتے رہے۔اسٹیڈیم میں موجود کرکٹ شائقین سے مخاطب ہوتے ہوئے ویرات کوہلی نے درخواست کی "سب سے پہلے، آپ لوگ مجھے کنگ کہنا بند کریں، اور برائے مہربانی ویرات کہیں، میں فاف ڈو پلیسسی سے کہہ رہا تھا کہ جب آپ مجھے ہر سال کنگ کہہ کر پکارتے ہیں تو مجھے شرمندگی محسوس ہوتی ہے، مجھے ویرات کہا کریں، اب سے آپ لوگ بھی مجھے کنگ نہ کہیں مجھے شرمندگی محسوس ہوتی ہے۔