کرکٹرز کو بیگمات کو اپنے ساتھ ٹور پر کیوں نہیں لے جانا چاہیے؟ رمیز نے بتادیا
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کو بیگمات کو اپنے ساتھ ٹور پر نہیں لے جانا چاہیے۔موجودہ کمنٹیٹر اور سابق پاکستانی کرکٹر رمیز راجا نے ایک پوڈکاسٹ میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری رائے ہے کہ کرکٹرز کو بیگمات کو اپنے ساتھ ٹور پر نہیں لے کر جانا چاہیے۔میزبان نے ان سے دلچسپ سوال کیا کہ شادی کے بعد کرکٹرز کو مس فٹ دیکھا گیا ایسا کیوں ہے؟ اس کے جواب میں رمیز کا کہنا تھا کہ بیویاں بیچاری یونہی زد میں آجاتی ہیں، یہ سب میرے ساتھ بھی ہو چکا ہے۔انھوں نے کہا کہ ایک ٹور میں بھی اپنی بیگم کو ساتھ لے کر نہیں گیا کیونکہ مجھے اندازہ تھا کہ اہلیہ کی وجہ سے میرا فوکس کرکٹ سے ہٹ جائے گا۔سابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میں اب کرکٹ نہیں کھیلتا کمنٹری کرتا ہوں تاہم اگر میں اب بھی اہلیہ کو لے جاؤں تو ہو سکتا ہے کہ جو 8 گھنٹے میں کمنٹری کے دوران ہنستا مسکراتا نظر آتا ہوں، بیوی کے سامنے پہنچ کر میرا منہ اکڑ جائے۔انھوں نے کہا کہ چھوٹے بچوں کے ساتھ سفر مشکل ہے، اگر کوئی پلیئر اسٹیڈیم میں اچھی پرفارمنس نہ دے سکے تو اس کا موڈ کیسے ٹھیک رہے گا بیوی ساتھ ہو تو اسے شاپنگ پر لے کر بھی جانا ہوتا ہے۔رمیز راجہ نے پلیئرز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹور ختم ہونے کے بعد ایک ہفتے فیملی کے ساتھ وہیں رک جائیں، پھر آپ نے جتنے سیر سپاٹے کرنے ہیں کریں۔