شاہ رخ خان دنیا کے چوتھے امیر ترین اداکار بن گئے

شاہ رخ خان، جو بھارت میں ’بادشاہ‘ اور دنیا بھر میں ’کنگ آف رومانس‘ کے نام سے پہچانے جاتے ہیں، اب صرف دلوں کے نہیں بلکہ دولت کے بھی بادشاہ بن چکے ہیں۔عالمی شہرت یافتہ میگزین اسکوائر کی تازہ رپورٹ کے مطابق، شاہ رخ خان کو 2025 کے دنیا کے دس امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں چوتھا مقام حاصل ہوا ہے۔ ان کی مجموعی دولت کا تخمینہ 87 کروڑ 65 لاکھ امریکی ڈالر یعنی تقریباً 8 ارب 76 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فہرست میں شاہ رخ نے صرف بالی ووڈ کے ہی نہیں، بلکہ ہالی ووڈ کے کئی معروف اور مقبول چہروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بریڈ پٹ، جیکی چن، جارج کلونی، ٹام ہینکس اور رابرٹ ڈی نیرو جیسے عالمی سطح کے ستارے اس دوڑ میں شاہ رخ سے پیچھے رہ گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق آرنلڈ شیوارزنیگر 1.49 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ فہرست میں سرفہرست ہیں، ان کے بعد ڈوین ’دی راک‘ جانسن 1.19 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے اور ٹام کروز 891 ملین ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ چوتھے نمبر پر شاہ رخ خان ہیں، جن کے بعد 742.8 ملین ڈالر کے ساتھ جارج کلونی پانچویں مقام پر موجود ہیں۔میگزین اسکوائر کی رپورٹ یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ شاہ رخ خان کی دولت میں پچھلے پانچ برسوں کے دوران حیران کن طور پر 46 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 2020 میں ان کی دولت 60 کروڑ ڈالر تھی، جو 2025 میں 80 کروڑ 76 لاکھ ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ یہ اضافہ محض فلمی کمائی کا نتیجہ نہیں، بلکہ ان کی بزنس اسٹریٹجی، سرمایہ کاری اور برانڈ ویلیو کا ثبوت ہے۔شاہ رخ کی حالیہ کامیابیوں میں 2023 کی بلاک بسٹر فلمیں ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ بھی شامل ہیں جنہوں نے باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کامیابیاں سمیٹیں اور کنگ خان کو نہ صرف اداکاری کے میدان میں بلکہ مالی میدان میں بھی بلند مقام پر پہنچا دیا۔