اقوام متحدہ یورپ میں امن کے لئے کردار ادا کرے:ترجمان محکمہ خارجہ

نیویارک(نامہ نگار)ترجمان محکمہ خارجہ کا کہناہے کہ صدر ٹرمپ روس یوکرین جنگ کو ختم کرانے اور ایک ایسی قرارداد کے لیے پرعزم ہیں جو عارضی کے بجائے پائیدار امن میں مددگار ہو۔ اس سوموار، 24 فروری کو روس۔یوکرین جنگ کے تین سال مکمل ہو جائیں گے۔ یہ جنگ بہت زیادہ طویل ہو گئی ہے جس کی یوکرین اور روس نے بہت ہولناک قیمت چکائی ہے۔امریکہ نے اقوام متحدہ میں ایک سادہ اور تاریخی قرارداد تجویز کی ہے اور ہم تمام رکن ممالک پر زور دیتے ہیں کہ وہ امن کی جانب راہ ہموار کرنے کے لیے اس کی حمایت کریں۔ یہ قرارداد صدر ٹرمپ کے اس نقطہ نظر سے مطابقت رکھتی ہے کہ اقوام متحدہ کو بین الاقوامی امن و سلامتی برقرار رکھنے اور اس مقصد کے لیے تنازعات کے پرامن تصفیے سے کام لینے کے اپنے بنیادی مقصد کی جانب واپس آنا چاہیے اور یہی بات اقوام متحدہ کے منشور میں بھی کہی گئی ہے۔ اگر اقوام متحدہ اپنے اصل مقصد سے واقعتاً وابستہ ہو تو ہمیں اِس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ اگرچہ مسائل کا سامنا تو رہے گا، تاہم پائیدار امن کا ہدف قابل حصول رہے گا۔ اس قرارداد کے ذریعے ہم توثیق کرتے ہیں کہ یہ تنازع دہشت ناک ہے اور اقوام متحدہ اس کا خاتمہ کرنے میں مدد دے سکتی ہے اور امن لانا ممکن ہے۔ہم پوری طرح یقین رکھتے ہیں کہ یہ اس جنگ کو ختم کرنے کے عزم کا وقت ہے۔ یہ ہمارے لیے امن کی جانب حقیقی پیش رفت کا موقع ہے۔ ہم اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس سنجیدہ کوشش میں ہمارا ساتھ دیں۔