عالمی فوجداری عدالت انسانیت کی دشمن بن چکی ہے، نیتن یاہو
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے روایتی ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی فوجداری عدالت سے اپنے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کو سیاہ دن قرار دیدیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے عالمی فوجداری عدالت کے اپنے وارنٹ گرفتاری کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک اس فیصلے کو ہرگز تسلیم نہیں کرے گا۔اسرائیلی وزیراعظم نے فیصلے کے دن کو سیاہ روز قرار دیتے ہوئے اپنے جارحانہ عزائم کو دہرایا کہ عالمی فوجداری کا یہ فیصلہ انھیں ان کے ملک کے دفاع سے ہرگز نہیں روک سکتا۔وزیراعظم نیتن یاہو نے مزید کہا کہ عالمی فوجداری عدالت انسانیت کی دشمن بن کر جانبدار اور سیاسی فیصلے کر رہی ہے۔ یہ فیصلہ جمہوری ریاستوں کے دفاع کے حق کی پامالی ہے۔اسرائیلی وزیراعظم نے الزام عائد کیا کہ عالمی فوجداری عدالت اسرائیل کے خلاف ہونے والے جنگی جرائم کو نظر انداز کر کے حماس کے جرائم کو چھپا رہی ہے۔