اسرائیلی فوج کے شمالی غزہ میں دوبارہ حملے، شہریوں کو نقل مکانی کی ہدایت
مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ کے شمال میں اسرائیلی فوج نے دوبارہ حملے شروع کردیے اور شہریوں کو نقل مکانی کی ہدایت کردی۔اسرائیل نے کچھ ہفتوں قبل یہ کہتے ہوئے شمالی غزہ سے اپنی فوجیں نکال لی تھیں کہ وہاں اب حماس کا کنٹرول ختم ہوچکا ہے۔ تاہم پیر کی شب اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ اور خاص طور سے بیت لاحیہ پر دوبارہ حملے شروع کردیے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے یہ کہتے ہوئے شہریوں کو نقل مکانی کی ہدایت کی ہے کہ وہ ’لڑائی کے علاقے‘ میں موجود ہیں۔غزہ شہر میں زیتون کے علاقے کے قریب رہنے والے ایک شہری نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں نہیں معلوم کہ یہ سب کچھ کیوں ہورہا ہے؟ کیا یہ اس لیے ہورہا ہے کہ ہم اپنے گھروں کو واپس آگئے ہیں اور کئی مہینوں کی بھوک کے بعد ہمیں کچھ امداد ملنے لگی ہے اور اسرائیل کو یہ پسند نہیں آرہا‘۔