اسرائیلی حملوں میں امدادی کارکنوں کی ہلاکت پر لبنانی وزیراعظم کا سخت ردعمل، ’جنگی جرائم‘ قرار دے دیا

لبنان کے وزیراعظم نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں میں امدادی کارکنوں کی ہلاکت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے کھلا ’جنگی جرم‘ قرار دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک عمارت پر دو مرتبہ فضائی حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 3 امدادی کارکن بھی شامل تھے۔لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق پہلا حملہ ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنا کر کیا گیا، جس کے بعد امدادی ٹیمیں زخمیوں کو نکالنے کے لیے موقع پر پہنچیں، تاہم اسی دوران دوسرا حملہ کیا گیا جس میں امدادی اہلکار ملبے تلے دب گئے اور بعد ازاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امدادی اداروں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے کو عالمی فورمز پر اٹھائے گی اور اسرائیل کو اس کے اقدامات کا جوابدہ بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔دوسری جانب لبنان کے صدر جوزف عون نے بھی اسرائیلی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور امدادی کارکنوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی جانب سے حملے جاری ہیں۔



