
امریکا سمیت متعدد ممالک کی جانب سے اپنے شہریوں کو ایران خالی کرنے کی ہدایت کے بعد مودی سرکار نے بھی اپنے عوام کے لیے پیغام جاری کردیا۔بھارت میڈیا کے مطابق وزارتِ خارجہ نے ایک اہم سفارتی انتباہ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایران میں موجود تمام بھارتی شہری بشمول طالب علم، مسافر، تجارتی افراد، مذہبی زائرین وغیرہ فوری طور پر وطن واپس آجائیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر بھارت واپس آنے کا موقع نہیں مل رہا تو فوری طور پر دستیاب نقل و حمل کے ذرائع بشمول تجارتی پروازوں کے ذریعے ایران چھوڑ کر کسی دوسرے محفوظ ملک چلے جائیں۔بھارتی وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران سے فوری نکلنے کی یہ ہدایت موجودہ بدلتی ہوئی سیکورٹی صورتحال کے پیشِ نظر دی گئی ہے۔ایران میں موجود بھارتی سفارتخانہ نے بھی اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور مظاہروں یا ہجوم سے دور رہیں، ایرانی مقامی میڈیا پر نظر رکھیں۔بھارتی سفارت خانے نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر سفارتخانہ سے باقاعدگی سے رابطہ کریں اور اپنے پاسپورٹ اور شناختی دستاویزات ساتھ رکھیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی معاونت کے لیے سفارتخانے کے ہیلپ لائن نمبرز اور رجسٹریشن لنک کا استعمال کریں۔بھارت کے اندازے کے مطابق اس وقت تقریباً دس ہزار بھارتی شہری ایران میں موجود ہیں۔



