
شمالی کوریا کی حکمراں جماعت ورکز پارٹی آف کوریا کے نیشنل کانگریس نے پانچ برس بعد نئے حکمراں کا انتخاب کرلیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کانگریس میں ہزاروں پارٹی رہنماؤں، اعلیٰ سرکاری عہدیداروں اور فوجی قیادت نے شرکت کی۔جہاں کم جونگ اُن کو متفقہ طور پر دوبارہ جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا اس طرح وہ ایک بار پھر شمالی کوریا کے حکمراں بن گئے۔اجلاس کے شرکا نے متفقہ طور پر ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ مدت کے لیے پارٹی پالیسیوں اور قومی سمت کی توثیق کی۔اجلاس کے دوران فوجی قیادت نے بھی کم جونگ اُن سے اپنی غیر متزلزل وفاداری کا اعادہ کیا جبکہ کانگریس کے شرکا نے ملک کی سیاسی، دفاعی اور معاشی حکمتِ عملی کو ان کی قیادت میں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔چین کے صدر شی جنپنگ نے کم جونگ اُن کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں انھوں نے کہا کہ چین شمالی کوریا کے ساتھ روایتی دوستی کو مزید مستحکم کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے کم جونگ اُن کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔



