
ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ جنگ نہیں چاہتا، تاہم اگر اس پر حملہ کیا گیا تو وہ دشمن کے فوجی اڈوں اور اثاثوں کو نشانہ بنائے گا۔اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مشن نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات خطے میں فوجی جارحیت کے حقیقی خطرے کی نشاندہی کرتے ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ ایران کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا اور اس کا مقصد جنگ نہیں ہے، لیکن اگر کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی کی گئی تو ایران اپنے دفاع میں بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا۔ایرانی مشن نے خبردار کیا کہ ایسی صورت میں خطے میں موجود مخالف قوتوں کے فوجی اڈے، تنصیبات اور دیگر اثاثے جائز ہدف ہوں گے۔ایران نے خط میں امریکی صدر کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ کا حوالہ بھی دیا، جس میں ممکنہ طور پر Diego Garcia اور RAF Fairford کے ایئر فیلڈز استعمال کرنے کا ذکر کیا گیا تھا۔ایرانی حکام نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کا نوٹس لے اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔



