امریکا کی شمال مشرقی ریاستوں میں 4.8 شدت کے زلزلے سے شہریوں میں خوف
نیویارک: امریکا میں 4.8 شدت کے زلزلے سے شمال مشرقی ریاستیں لرز اٹھیں تاہم فوری طور پر کسی قسم کے نقصان کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔امریکی نشریات ادارے نے رپورٹ میں بتایا کہ جیولوجیکل سروے کے مطابق جمعے کو صبح 10 بج کر 23 منٹ پر بوسٹن سے بالٹی مور تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔نیویارک سٹی میں 30 سیکنڈ تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم فوری طور پر کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی لیکن زلزلے کی وجہ سے مذکورہ علاقے میں ٹرانسپورٹ کا نظام رک گیا اور معمولات میں تعطل آگیا۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز نیویارک سٹی سے 25 میل دور اور پنسلوینیا کے علاقے ایلنٹاؤن سے 40 میل دور تھا جو نیوجرسی میں وائٹ ہاؤس اسٹیشن کے شمال کا علاقہ ہے۔رپورٹ کے مطابق جمعےکو آنے والا زلزلہ شمال مشرقی امریکا میں نسبتاً غیرمعمولی ہے اور اس زلزلے سے خطے کے شہری پریشان نظر آئے اور گزشتہ 75 برس میں نیویارک کے میٹروپولیٹن ریجن میں تیسرا بڑا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔نیویارک اور اس کے قریبی علاقوں میں موجود شہریوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ردعمل دیا اور اپنی خیریت کے ساتھ ساتھ لوگوں میں پیدا ہونے والے خوف سے بھی آگاہ کیا۔