اتحادی ممالک غزہ میں فوجی قوت کیساتھ گھس کر حماس کو سبق سکھانے کیلئے تیار ہیں؛ ٹرمپ

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر حماس نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی تو مشرق وسطیٰ کے ہمارے اتحادی ممالک اپنی پوری فوجی قوت کے ساتھ غزہ میں گھس کر اُنھیں سیدھا کردیں گے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ دھمکی آمیز بیان ٹروتھ سوشل پر کی گئی اپنی پوسٹ میں کیا جس میں پہلی بار حماس کے خاتمے کے لیے مشرق وسطیٰ کے اتحادی ممالک کا زکر کیا ہے۔ صدر ٹرمپ کے بقول مشرقِ وسطیٰ اور اس کے ارد گرد اب امریکا کے بہت عظیم اتحادی ممالک ہیں جنھوں نے دوٹوک اور پُرجوش انداز میں مجھے بتایا کہ امن معاہدے کی خلاف کرنے پر اگر آپ کہیں گے تو غزہ میں گھس کر حماس کو سیدھا کرنے کے لیے تیار ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ تو اگر میں نے مشرق وسطیٰ میں اپنے اتحادیوں سے درخواست کی تو وہ غزہ میں ایک بڑی فوجی قوت کے ساتھ داخل ہو کر حماس کو سبق سکھا دیں گے۔ صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ کے لیے جو محبت اور جذبہ آج نظر آ رہا ہے وہ ہزار سال سے نہیں دیکھا گیا۔ یہ ایک نہایت خوبصورت منظر ہے۔امریکی صدر کے بقول میں نے اسرائیل سمیت ان اتحادی ممالک کو اطمینان دلایا کہ حماس کے خلاف کسی کارروائی کی ابھی ضرورت نہیں کیونکہ اب بھی امید باقی ہے کہ حماس درست راستہ اختیار کرے گی۔